کتاب: عثمان بن عفان - صفحہ 16
٭ غزوہ احد کے بعد ۴ھمیں غزوہ ذات الرقاع پیش آیا، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب اس مہم میں تشریف لے گئے تو حضرت عثمان کو مدینہ میں اپنا قائم مقام اور نائب مقرر فرمایا، یہ بہت بڑا اعزاز تھا جو بارگاہ رسالت سے ان کو عطا ہوا تھا۔
٭ حضرت عثمان نبی اکر م صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے والی وحی کو تحریر کرنے والے صحابہ میں بھی شامل تھے۔
٭ مذہبی خدمات کے سلسلے میں حضرت عثمان کا سب سے روشن کارنامہ قرآن کریم کو اختلاف وتحریف سے محفوظ کرنا اور اس کی عام اشاعت ہے، حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ کے توجہ دلانے پر آپ نے ام المؤمنین حضرت حفصہ رضی اللہ عنہاسے عہد صدیقی میں مرتب و مدون کیا ہوا نسخہ لے کر حفاظ صحابہ کی ایک کمیٹی سے اسے نقل کراکر پوری سلطنت میں اس کی اشاعت کی اور جن مصاحف کو لوگوں نے مختلف املاء سے لکھاتھا صفحہ ہستی سے معدوم کردیا۔
ازواج
حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے مختلف اوقات میں متعدد شادیاں کیں، آپ کی پہلی بیوی حضرت رقیہ بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھیں جو ۲ھ میں فوت ہوئیں ان کے بطن سے عبداللہ پیداہوئے جو بچپن ہی میں فوت ہوگئے۔
آپ کی دوسری بیوی حضرت ام کلثوم بنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم تھیں جن سے۳ھ ہجری میں آپ کا عقد ہوا، یہ ۹ ھ میں فوت ہوگئیں۔ ان سے کوئی اولاد نہیں ہوئی۔