کتاب: عثمان بن عفان - صفحہ 14
اللہ عنہ کچھ مخصوص اوصاف وکمالات کے مالک بھی تھے جن سے ان کی عظمت میں چار چاند لگ جاتے ہیں اور جن کی وجہ سے ان کے تئیں ادب واحترام کے جذبات میں اضافہ ہوتا ہے ، آپ کی شان میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان وحی ترجمان سے جو ارشادات وارد ہوئے ہیں انہیں ہم آگے ذکر کریں گے ، پہلے ان کے چند اہم خصوصی اوصاف وامتیازات ملاحظہ ہوں:
٭ آپ ذوالنورین تھے، یعنی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی دوہری دامادی کا آپ کو شرف حاصل تھا، پہلے حضرت رقیہ سے آپ کی شادی ہوئی، ۲ ھ میں غزوہ بدر کے موقع پریہ وفات پا گئیں، اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی چھوٹی صاحبزادی حضرت ام کلثوم سے سن ۳ہجری میں نکاح ہوا جو ۹ ھ میں انتقال کر گئیں۔ یہ وہ خصوصیت ہے جو کسی اور کو حاصل نہیں ہوئی، اور اسی وجہ سے آپ کو’’ ذو النورین‘‘ یعنی دو نور والے کہا جاتا ہے۔
٭ آپ ذوالہجرتین تھے، یعنی ایک بار آپ نے مکہ سے حبشہ کی طرف ہجرت فرمائی، دوسری بار مدینہ کی طرف ہجرت فرمائی، اس خصوصیت میں اگر چہ بعض دوسرے صحابہ بھی آپ کے ساتھ شریک ہیں، لیکن اس میں جو چیز آپ کو ممتاز کرتی ہے وہ یہ کہ اس امت میں آپ ایسے پہلے شخص ہیں جنہوں نے اپنے اہل کے ساتھ ہجرت کی۔
٭ صلح حدیبیہ کے موقع پر جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں کو ساتھ لے کر عمرہ کی غرض سے مکہ تشریف لے جارہے تھے تو قریش نے آپ کو روک دیا، ان سے بات چیت اور مصالحت کی غرض سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عثمان کو اپنا سفیر بناکر مکہ بھیجا،