کتاب: حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کا قصہ - صفحہ 57
(ز) {فَلَمَّا أَسْلَمَا وَتَلَّہُ لِلْجَبِیْنِ} [پس جب وہ دونوں مطیع ہوگئے اور انہوں نے اسے پیشانی کے ایک جانب گرایا] تفسیر: ا: {فَلَمَّا أَسْلَمَا}: اس کی تفسیر میں ذکر کردہ اقوال میں سے چار درج ذیل ہیں: ۱: دونوں باپ بیٹا حکمِ الٰہی کی تعمیل کے لیے مطیع اور فرماں بردار ہوگئے۔[1] ۲: ابراہیم علیہ السلام نے بیٹے کو اور بیٹے نے اپنی جان اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کردی۔[2] ۳: اس کو (سَلَّما) پڑھا گیا ہے اور اس کا معنٰی یہ ہے، کہ انہوں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کردیا۔[3] ۴: دونوں نے کلمۂ شہادت پڑھا اور ذکرِ الٰہی کیا۔ باپ نے بیٹے کو ذبح کرنے کی خاطر اور بیٹے نے موت کی آغوش میں جانے کی تیاری میں۔[4] ب: {وَتَلَّہُ لِلْجَبِیْنِ} اس کی تفسیر میں درج ذیل دو اقوال بیان کئے گئے ہیں:
[1] ملاحظہ ہو: الکشاف ۳/۳۴۸؛ وتفسیر البغوي ۶/۲۸؛ وزاد المسیر ۷/۷۵؛ وتفسیر القرطبي ۱۵/۹۷؛ وتفسیر الخازن ۶/۲۸؛ وتفسیر البیضاوي ۲/۲۹۹؛ وتفسیر ابن کثیر ۴/۱۶؛ وتفسیر أبي السعود ۷/۲۰۰۔ [2] ملاحظہ ہو: الکشاف ۳/۳۴۸؛ وتفسیر أبي السعود ۷/۲۰۰۔ یہ قول حضرت قتادہ رحمہ اللہ سے منقول ہے۔ (ملاحظہ ہو: تفسیر البغوي ۶/۲۸؛ وتفسیر الخازن ۶/۲۸)۔ [3] ملاحظہ ہو: زاد المسیر ۷/۷۵؛ وتفسیر القرطبي ۱۵/۹۷۔ یہ حضراتِ صحابہ علی، ابن مسعود اور ابن عباس رضی اللہ عنہم کی قرأت ہے۔ [4] ملاحظہ ہو: تفسیر ابن کثیر ۴/۱۶۔