کتاب: حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کا قصہ - صفحہ 53
کعبۃ اللہ کی تعمیر میں بھی خوش نصیب بیٹے اسمٰعیل علیہ السلام نے اپنے باپ خلیل الرحمن علیہ السلام کے ساتھ تعاون کرنے میں پس و پیش نہ کیا۔ امام بخاری کی حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کے حوالے سے نقل کردہ روایت میں ہے:
ابراہیم علیہ السلام نے کہا:
’’یَا إِسْمٰعِیْلُ! إِنَّ رَبَّکَ أَمَرَنِيْ أَنْ أَبْنِيَ لَہُ بَیْتًا۔‘‘
[’’اے اسماعیل! بے شک تمہارے رب نے مجھے حکم دیا ہے، کہ میں ان کا گھر تعمیر کروں‘‘]۔
انہوں نے عرض کیا:
’’أَطِعْ رَبَّکَ۔‘‘
[’’اپنے رب کی اطاعت کیجئے‘‘]۔
انہوں نے فرمایا:
’’إِنَّہُ اَمَرِنْيْ أَنْ تُعِیْنَنِيْ۔‘‘
[’’بلاشبہ انہوں نے مجھے حکم دیا ہے، کہ تم اس بارے میں میری اعانت کرو‘‘]۔
انہوں نے عرض کیا:
إِذَنْ أَفْعَلُ۔‘‘ أَوْ کَمَا قَالَ۔[1]
’’پھر میں (رب تعالیٰ کا گھر تعمیر کرنے میں) آپ کی اعانت کروں گا۔‘‘ أَوْ کَمَا قَالَ۔
اے رب کریم! ہمیں خیر کے کام کرنے اور ہماری اولادوں کو ان کی تکمیل میں ہمارے ساتھ تعاون کرنے کی توفیق عطا فرمائیے۔ آمین یَا ذَالْجَلَالِ وَالْإِکْرَامِ۔
[1] صحیح البخاري، کتاب الأنبیاء، باب یزفون: النسلان في المشي، جزء من الروایۃ ۳۳۶۵، ۶/۲۹۹۔