کتاب: حقوق مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم اور توہین رسالت کی شرعی سزا - صفحہ 12
اب حال ہی میں ڈنمارک اور دیگر مغربی ممالک نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے توہین آمیز خاکے شائع کرکے جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کا ارتکاب کیا تو اس موقع پر ہر مسلمان نے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق اپنے اپنے میدان میں حقوقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے بیان اور دفاعِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا حق ادا کرنے کی مقدور بھر سعی کی، اسی ضمن میں راقم الحروف نے بھی اپنا حصّہ ڈالا اور سعودی ریڈیو سے اپنے پروگرام ’’اسلام اور ہماری زندگی‘‘ میں اس موضوع پر تقاریر نشر کیں جن کا بیشتر حصّہ ڈیلی اردو نیوز جدہ میں بھی قسط وار شائع ہوتا رہا۔ وہ تمام تقاریر و مضامین اب قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری لختِ جگر امّ طلحہ نبیلہ قمر۔ الریاض۔ کو جزائِ خیر سے نوازے جس نے ریڈیو تقاریر کے سکرپٹس کی ترتیب و تدوین کرکے انھیں زیرِ نظر کتابی شکل دے دی ہے۔ اسی طرح ہم اپنے محترم بھائی جناب محمد ایوب مشتاق (ڈاریکٹر جنرل شرکہ رکن السنسنہ للمقاولات، الریاض، الجبیل، مقیم الخبر) کے بھی انتہائی شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے یہ کتاب شائع ہوئی ہے۔ فجزاہ اللّٰه في الدارین خیراً وبارک في أھلہ ومالہ۔ اللّٰه تعالیٰ ہمارے اس ’’ بضاعۃ مزجاۃ‘‘ کو قبول فرمائے اور بروزِ محشر ہمیں شفاعتِ مصطفی صلی اللّٰه علیہ وسلم نصیب فرمائے۔ آمِْین یَا رَبّ اْلعَالَمِْین وَ السَّلَامُ عََلَیْکُمْ وَ رَحْمَۃُ اللّٰہِ وَ بَرَکَاتُہٗ طالبِ شفاعتِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ابو عدنان محمد منیر قمر نواب الدین ۵/۵/ ۱۴۲۸ھ= ۲۲/۵/ ۲۰۰۷ء ترجمان سپریم کورٹ الخبر ، و داعیہ متعاون ، مراکزِ دعوت و ارشاد الدمّام ، الخبر ، الظہران ائیر بیس (سعودی عرب )