کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 71
توحید کو دل میں پختہ کرنے کے اسباب
توحید ایک ایسا درخت ہے جو مومن کے دل میں نشو ونما پاتا ہے،پھر اس کی شاخیں مومن کے عمل سے ظاہر ہوتی ہیں اور جیسے جیسے اس کی جڑیں پختہ ہوتی ہیں اس کی شاخوں کے جمال میں اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔ اور جب اللہ تعالیٰ کی اطاعت کے ساتھ اس درخت کی آبیاری کی جاتی ہے تو اس سے اللہ تعالیٰ کا تقرب حاصل ہوتا ہے اوراس سے اللہ رب العزت کیلئے بندے کی محبت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ پھر وہ صرف اسی سے ڈرتا اور اسی سے تمام امیدیں وابستہ رکھتا ہے۔اور اس کا اللہ تعالیٰ پر توکل مضبوط ہوتا ہے۔
وہ اسباب جو دل میں توحید کو تقویت پہنچاتے ہیں ان میں سے چند ایک یہ ہیں:
۱۔ اللہ کی رضا کے حصول کی خاطر نیک اعمال بجا لانا۔
۲۔ اللہ کے عذاب سے ڈرتے ہوئے گناہوں کو چھوڑنا۔
۳۔ زمین وآسمان میں غور وفکر کرنا۔
۴۔ اللہ تعالیٰ کے اسماء وصفات کو پہچاننا اور ان کے معانی ونتائج اور اس کے جلال وکمال کے بارے میں تدبر کرنا۔
۵۔ علمِ نافع حاصل کرنا اور اس پر عمل پیرا ہونا۔
۶۔ قرآن مجید کی تلاوت کرنا اور اس کے معانی ومقاصد میں تدبر کرنا۔
۷۔فرائض کے بعد نوافل کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا تقرب حاصل کرنا۔
۸۔دل اور زبان سے ہمیشہ اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتے رہنا۔
۹۔ اس چیز کو قربان کرنا جسے اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہو۔
۱۰۔ اللہ تعالیٰ کی ظاہری وباطنی نعمتوں میں غور وفکر کرنا اور اس نے اپنے بندوں پر جو احسانات کئے ہیں ان کا مشاہدہ کرنا۔