کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 33
علمِ عقیدہ کیا ہے ؟ عقیدہ(عقد)سے ہے جس کا معنی ہے:پوری قوت کے ساتھ باندھنا،قابو کرنا اور مضبوطی سے تھامنا وغیرہ۔اور جس چیز پر پورے یقین کے ساتھ انسان کا دل جم جائے اسے عقیدہ کہتے ہیں۔ شرعی اصطلاح میں عقیدہ اس پختہ ایمان کو کہتے ہیں جس میں کسی شک و شبہ کا احتمال نہ ہو۔ اور اسلامی عقیدہ میں درج ذیل اہم امور شامل ہیں: ۱۔ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت،الوہیت اور اس کے اسماء وصفات پر پختہ ایمان،اس کے فرشتوں،اس کی کتابوں،اس کے رسولوں،یومِ آخرت اور اچھی اور بری تقدیر پر یقینِ کامل۔ ۲۔ کتاب وسنت کی نصوص میں دین کے جو اصول اور غیبی امور ذکر کئے گئے ہیں اور جن پر سلف صالحین رحمہم اللہ تعالیٰ نے اجماع کیا ہے ان سب کو دل سے تسلیم کرنا۔ ۳۔ اللہ تعالیٰ کے حکم اور اس کی شریعت کے سامنے اپنے آپ کو جھکانا۔اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی فرمانبرداری اور آپٖ کی سنتِ صحیحہ کی پیروی کرنا اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فیصلوں کے سامنے سرِ تسلیمِ خم کرنے کا نام اسلامی عقیدہ ہے۔ [مباحث فی عقیدۃ أہل السنۃ والجماعۃ / ناصر العقل]