کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 249
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(مَنْ حَلَفَ بِغَیْرِ اللّٰہِ فَقَدْ أَشْرَکَ)
’’جس نے غیر اﷲ کی قسم اٹھائی اس نے شرک کیا۔‘‘[ابوداؤد:۳۲۵۱،الترمذی:۱۵۳۵۔ صحیح الجامع للألبانی:۶۲۰۴]
اور حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
(إِنَّ اللّٰہَ عَزَّوَجَلَّ یَنْہَاکُمْ أَنْ تَحْلِفُوْا بِآبَائِکُمْ)
ترجمہ:’’بے شک اللہ تعالیٰ تمہیں منع کرتا ہے کہ تم اپنے باپوں کی قسم اٹھاؤ۔’‘
حضرت عمر رضی اللہ عنہ یہ حدیث بیان کرکے فرماتے ہیں:فَوَاللّٰہِ مَا حَلَفْتُ بِہَا مُنْذُ سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم نَہٰی عَنْہَا ذَاکِرًا وَلاَ آثِرًا۔
یعنی میں نے جب سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ سنا کہ آپ نے اس سے منع کر دیا ہے تب سے میں نے کبھی ایسی قسم نہیں اٹھائی۔ نہ اپنی طرف سے اور نہ کسی کی طرف سے۔[بخاری:۶۶۴۷،مسلم:۱۶۴۶۔شرح النووی:۱۱/۱۱۵]
٭اور کئی لوگ کلمۂ شہادت کے دوسرے جزء(محمد رسول اللّٰہ صلی اللّٰه علیہ وسلم)کی گواہی کی مخالفت یوں کرتے ہیں کہ وہ دین میں نئی نئی بدعات ایجاد کرتے ہیں جبکہ اس گواہی کا ایک لازمی تقاضا یہ ہے کہ اللہ کی عبادت صرف نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر کی جائے۔لہذا جب کوئی شخص اللہ کی عبادت آپ کے طریقے سے ہٹ کر کرتا ہے تووہ اس گواہی کے خلاف کرتا ہے۔