کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 229
امت پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق
امت پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بہت بڑے حقوق ہیں جن میں سے چند ایک یہ ہیں:
1۔ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کو اس طرح مخاطب نہ کیا جائے جیسا کہ عام لوگوں کو مخاطب کیا جاتا ہے بلکہ آپ کا ادب واحترام ملحوظ خاطر رکھنا ضروری ہے۔لہذا آپ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا نبی اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کہا جائے۔صرف محمد یا محمد بن عبد اللہ نہ کہا جائے۔
فرمان الٰہی ہے:﴿لاَ تَجْعَلُوْا دُعَائَ الرَّسُوْلِ بَیْنَکُمْ کَدُعَائِ بَعْضِکُمْ بَعْضًا﴾[النور:۶۳]
ترجمہ:’’رسول(صلی اللہ علیہ وسلم)کو تم اس طرح مت بلاؤ جیسا کہ تم آپس میں ایک دوسرے کو بلاتے ہو۔’‘
2. اللہ تعالیٰ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے وسیلہ طلب کرنا جیسا کہ آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:(.... ثُمَّ سَلُوْا اللّٰہَ لِیَ الْوَسِیْلَۃَ،فَإنَّھَا مَنْزِلَۃٌ فِیْ الْجَنَّۃِ لاَ تَنْبَغِیْ إلاَّ لِعَبْدٍ مِّنْ عِبَادِ اللّٰہِ وَأرْجُوْ أنْ أکُوْنَ أنَا ھُوَ فَمَنْ سَئَلَ لِیَ الْوَسِیْلَۃَ حَلَّتْ لَہُ الشَّفَاعَۃُ)[مسلم:۳۸۴]
ترجمہ:’’...پھر تم اللہ سے میرے لئے وسیلہ کی درخواست کرو کیونکہ وسیلہ جنت میں ایک درجہ ہے جواللہ کے بندوں میں سے ایک ہی بندے کے لئے ہے اور میں امید رکھتا ہوں کہ وہ بندہ میں ہی ہوں۔پس جس نے(اللہ سے)میرے لئے وسیلہ مانگا(بذریعۂ دعائے اذان)تواس کے لئے(میری)شفاعت واجب ہوگئی۔’‘
3. آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود وسلام پڑھنا جو کہ نمازمیں واجب ہے بلکہ بعض علماء کے نزدیک نماز کے ان فرائض میں سے ہے جن کے بغیر نماز درست نہیں ہوتی۔اس کے علاوہ کئی مواقع پر آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے مثلا جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا