کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 208
جبکہ حضرت جابر بن سمرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ’’نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا دہن ِ مبارک کشادہ،آنکھیں ہلکی سُرخی لئے ہوئے اور ایڑیاں باریک تھیں۔[مسلم:۲۲۳۹] اور حضرت علی رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ’’رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا قد مبارک نہ زیادہ لمبا اور نہ ہی بالکل پست تھا بلکہ درازی مائل میانہ قد تھا،موئے مبارک نہ بہت زیادہ گھنگھریالے نہ بالکل کھڑے کھڑے،رُخسار مبارک نہ بہت زیادہ پُر گوشت نہ ٹھوڑی چھوٹی اورنہ پیشانی پست۔چہرۂ انور کسی قدر گولائی لئے ہوئے،رنگ گورا گلابی،چشمہائے مبارکہ سرمگین ہلکی سُرخی لئے ہوئے،دراز پلکیں،جوڑوں اور دوشہائے مبارکہ کی ہڈیاں بڑی بڑی،سینۂ پاک سے ناف تک بالوں کی ہلکی سی لکیر ٗ باقی جسمِ اطہر بالوں سے خالی،ہاتھ اور پاؤں کی انگلیوں پر گوشت،چلتے تو گویا ڈھلوان پر چل رہے ہوں۔جب کسی طرف توجہ فرماتے تو پورے وجود کے ساتھ متوجہ ہوتے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے دونوں کندھوں کے درمیان مہرِ نبوت تھی۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیّن تھے۔سب سے زیادہ سخی دست اور بہادر،صادق وامین اور پیکرِ وفا تھے،نرم خو اور خوش مزاج تھے،شرفِ زیارت حاصل کرنے والا بے ساختہ پکار اٹھتا کہ آپ سے پہلے اور آپ کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم جیسا کوئی نہیں دیکھا ہے۔[الترمذی:۳۶۳۷،۳۶۳۸]