کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 196
شامل کر لیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ناموں میں سے ایک نام احمد ہے اور یہی وہ نام ہے جو کہ حضرت عیسی علیہ السلام نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق اپنی بشارت میں ذکر کیا جیساکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:﴿وَإِذْ قَالَ عِیْسَی ابْنُ مَرْیَمَ یَا بَنِیْ إِسْرَائِیْلَ إِنِّیْ رَسُوْلُ اللّٰہِ إِلَیْکُمْ مُّصَدِّقًا لِّمَا بَیْنَ یَدَیَّ مِنَ التَّوْرَاۃِ وَمُبَشِّرًا بِرَسُوْلٍ یَّأْتِیْ مِنْ بَعْدِیْ اسْمُہُ أَحْمَدُ﴾[الصف:۶] ترجمہ:’’اور جب مریم(علیہا السلام)کے بیٹے عیسی(علیہ السلام)نے کہا:اے بنی اسرائیل ! میں تم سب کی طرف اللہ کا رسول ہوں۔مجھ سے پہلے نازل شدہ کتاب توراۃ کی تصدیق کرنے والا ہوں اور میں تمہیں اپنے بعد آنے والے ایک رسول کی خوشخبری سنانے والا ہوں جس کا نام احمد ہے۔‘‘ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اسمائے گرامی میں سے ایک نام المتوکل ہے جیسا کہ حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ تورات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صفات کے ضمن بیان کرتے ہیں کہ’’.... اور تم میرے بندے اور رسول ہو۔میں نے آپ کا نام المتوکل رکھا ہے۔۔’‘[بخاری] اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ناموں میں وہ نام بھی ہیں جو کہ درج ذیل حدیث میں ذکر کئے گئے ہیں: حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (إِنَّ لِیْ أَسْمَائَ،أَنَا مُحَمَّدٌ،وَأَنَا أَحْمَدُ،وَأَنَا الْمَاحِیْ الَّذِیْ یَمْحُوْ اللّٰہُ بِیْ الْکُفْرَ،وَأَنَا الْحَاشِرُ الَّذِیْ یُحْشَرُ النَّاسُ عَلٰی قَدَمِیْ،وَأَنَا الْعَاقِبُ الَّذِیْ لَیْسَ بَعْدَہُ أَحَدٌ)[بخاری:۳۵۳۲،مسلم:۲۳۵۴]