کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 194
ہو چکا ہے کہ ان کی مدد ضرور کی جائے گی اور بے شک ہمارا لشکر ہی غالب ہو گا۔’‘ نیز فرمایا:﴿ہُوَ الَّذِیْ أَرْسَلَ رَسُوْلَہُ بِالْہُدٰی وَدِیْنِ الْحَقِّ لِیُظْہِرَہُ عَلَی الدِّیْنِ کُلِّہٖ وَلَوْ کَرِہَ الْمُشْرِکُوْنَ﴾[التوبۃ:۳۳] ترجمہ:’’وہ اللہ ہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دینِ حق دے کر بھیجا ہے تاکہ اسے دنیا کے تمام ادیان پر غالب کرے اگرچہ مشرکین ایسا نہیں چاہتے ہیں’‘ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی مکمل سیرت اور جس طرح آپ نے اللہ کے دین کی نصرت کی،اس پر کما حقہ قائم رہے،اس سلسلے میں مصائب برداشت کئے،جس طرح آپ نے اللہ کے دشمنوں کے خلاف جہاد کیا۔۔۔ اور اس کے علاوہ آپ کی سیرت طیبہ کے جو دیگر متعدد پہلو ہیں۔۔۔ مسلمان کو ان تمام پہلووں کا مطالعہ کرنے کا اہتمام کرنا چاہئے کیونکہ یہ ایک ایسے شخص کی سیرت ہے جسے اللہ تعالیٰ نے بشری کمال عطا فرمایا۔اور جو پوری مخلوق کے سردار ہیں اور تمام لوگوں میں سب سے زیادہ عظیم،سب سے زیادہ معزز اور سب سے زیادہ افضل ہیں۔اور آپ کی پوری سیرت حق پر مبنی ہے۔ اگر ہم اس عظیم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ کے بعض پہلووں کو تفصیل سے ذکر کرنا چاہتے تو اس سے بہت بڑی کتاب لکھی جاتی اور تب بھی ہم اس کا حق ادا نہ کر پاتے۔اس لئے ہم اس مختصر سے رسالے میں(شہادۃ أن محمدا رسول اللّٰہ)کی حقیقت کے ضمن میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے بعض اہم پہلووں کی طرف اشارہ ہی کرنا چاہتے ہیں جن کا جاننا ہر مسلمان مرد وعورت پر ضروری ہے تاکہ وہ اللہ کے عذاب سے بچ سکیں۔۔۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اور ہمارے مسلمان بھائیوں کو اپنی ناراضگی کا سبب بننے والے امور سے محفوظ رکھے اور ہمیں اپنی رحمت پانے والوں میں شامل کرلے۔بے شک وہ انتہائی کریم ہے۔