کتاب: حقیقت شہادتین - صفحہ 188
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات اللہ عزوجلّ اپنے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب کرکے فرماتا ہے: ﴿إِنَّکَ مَیِّتٌ وَّإِنَّہُمْ مَّیِّتُوْنَ﴾[الزمر:۳۰] ترجمہ:’’بے شک آپ پر بھی موت آئے گی اور یہ بھی مر جائیں گے۔’‘ اسی طرح اس کا فرمان ہے:﴿وَمَا مُحَمَّدٌ إِلاَّ رَسُوْلٌ قَدْ خَلَتْ مِنْ قَبْلِہِ الرُّسُلُ أَفَإِنْ مَّاتَ أَوْ قُتِلَ انْقَلَبْتُمْ عَلٰی أَعْقَابِکُمْ﴾[آل عمران:۱۴۴] ترجمہ:’’اور محمد(صلی اللہ علیہ وسلم)تو صرف ایک رسول ہی ہیں،ان سے پہلے بہت رسول گذر چکے ہیں۔تو کیا جب ان پر موت آجائے گی یا انھیں شہید کردیا جائے گا تو تم لوگ الٹے پاؤں دین سے پھر جاؤ گے ؟’‘ نیز فرمایا:﴿وَمَا جَعَلْنَا لِبَشَرٍ مِّنْ قَبْلِکَ الْخُلْدَ أَفَإِنْ مِّتَّ فَہُمُ الْخَالِدُوْنَ کُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَۃُ الْمَوْتِ﴾[الأنبیاء:۳۴۔ ۳۵] ترجمہ:’’اور آپ سے پہلے کسی انسان کو بھی ہم نے ہمیشگی نہیں دی۔کیا آپ مر گئے تو وہ ہمیشہ کیلئے زندہ رہیں گے ؟ ہر جاندار کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔‘‘ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم دین کی امانت ادا کرنے،اپنے رب کی رسالت کو پہنچانے اور اللہ کی راہ میں کما حقہ جہاد کرنے کے بعد انتقال فرما گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ کے آخر میں قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: ﴿اَلْیَوْمَ أَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَرَضِیْتُ لَکُمُ الْإِسْلاَمَ دِیْنًا﴾[المائدۃ:۳] ترجمہ:’’آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین مکمل کردیا ہے اور اپنی نعمت تم پر پوری کردی ہے۔اور میں نے تمہارے لئے اسلام کو بطور دین پسند کر لیا ہے۔’‘