کتاب: حمید الدین فراہی رحمہ اللہ اور جمہور کےاصول تفسیر تحقیقی و تقابلی مطالعہ - صفحہ 295
ضروری ہے۔
امام زرکشی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
"أن تختلف أصل الحقيقة فيهما فیدور اللفظ بین معنیین،هو في أحدهما حقيقة لغوية وفي الآخر حقيقة شرعية،فالشّرعية أولى إلا أن تدلّ قرينته على إرادة اللّغوية. " [1]
کہ اگر لفظ دو معانی کے درمیان گردش کررہا ہو،ایک اعتبار سے لغوی معنی جبکہ دوسرے اعتبار نے شرعی معنی مراد لیا جاسکتا ہو تو شرعی معنیٰ مقدم ہوگا ہاں اگر کوئی ایسا قرینہ موجود ہو جو لغوی معنیٰ مراد لینے پر دلالت کرے تو لغوی معنیٰ مراد لیا جائے گا۔
اس كی توجیہ یہ ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم شرعی احکام کی پہچان کروانے کیلئے مبعوث ہوئے ہیں،اور شرعی احکام کی معرفت آپ کے ذریعے سے ہی ہوسکتی ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس چیز کا پہچان کروانے کیلئے مبعوث نہیں ہوئے جواہلِ لغت کے ہاں معروف ہے لہٰذا ضروری ٹھہرا کہ لفظ کو اسی معنی پر محمول کیا جائے جس میں بعثتِ محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے مقاصد سے مطابقت ہو۔[2]
ابن حجر عسقلانی رحمہ اللہ(852ھ)نے اس مسئلہ کو فتح الباری میں کئی مقامات پر ذکر کیا ہے،طیبی رحمہ اللہ كے حوالے سے لکھتے ہیں:
’’شارع کا کلام اس کے بیان اور وضاحت پر محمول کیا جائے گا کیونکہ اس کے مخاطب اہلِ زبان تھے گویا کہ ان باتوں کےساتھ ان سے خطاب کیا گیا ہے جن کا علم ان کوشارع کی طرف سے ہی ملا ہے تو لفظ اسی معنیٰ پر محمول کیا جائے گا جس سے شرعی حکم کا پتا چلے۔‘‘[3]
مزيد فرماتے ہیں:
"أنّ ألفاظ الشّرع إذا دارت بین الحقيقة اللّغوية والشّرعية حملت على الشّرعية إلا إذا قام دليل"[4]
کہ الفاظِ شریعت جب لغوی اور شرعی معنی کے درمیان گھوم رہے ہوں تو ان کو شرعی حقیقت پرمحمول کیا جائے البتہ اگر کوئی دلیل مل جائے تو ان کو لغوی حقیقت پر محمول کیا جائے گا۔
صوم کی بحث میں رقمطراز ہیں:
"وظاهره حمله على الحقيقة الشّرعية فيتمسّك به حتّى يدلّ دليل على أن المراد بالصّوم هنا حقيقته اللّغوية"[5]
کہ ظاہر یہی ہے کہ اس کو شرعی حقیقت پر محمول کیا جائے اور اسی کو اختیار کیا جائے حتیٰ کہ کوئی ایسی دلیل مل جائے جو اس پردلالت کرے کہ یہاں صوم(روزے)کی لغوی حقیقت مراد ہے۔
[1] البُرهان:2 ؍ 167
[2] الإحکام في أصول الأحکام:3 ؍ 26
[3] فتح الباري:1 ؍ 13
[4] أیضًا
[5] فتح الباري:4 ؍ 156