کتاب: حج وعمرہ کی آسانیاں - صفحہ 58
- ب -
حج میں رزقِ حلال طلب کرنے کی اجازت
حج کی آسانیوں میں سے ایک یہ ہے ، کہ اس سفر کے دوران تجارت ، مزدوری، ملازمت اور اپنی سواری کرائے پر دینے کی خاطر محنت کرنے کی اجازت ہے۔ اس بارے میں درج ذیل تین روایات ملاحظہ فرمائیے:
ا: حضرات ائمہ ابوداؤد، ابن خزیمہ اور حاکم نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت نقل کی ہے ، کہ
’’بے شک زمانہ جاہلیت میں لوگ منٰی ، عرفات ، ذوالمجاز کے میلے اور حج کے موسموں میں لین دین کرتے تھے۔ پھر وہ (اسلام لانے کے بعد) حالتِ احرام میں تجارت کرنے سے ڈر گئے ، تو اللہ تعالیٰ نے (یہ آیت) نازل فرمائی:
{لَیْسَ عَلَیْکُمْ جُنَاحٌ اَنْ تَبْتَغُوْا فَضْلاً مِّنْ رَّبِّکُمْ} [1] فِيْ مَوَاسِمِ الْحَجِّ۔‘‘ [2]
[1] سورۃ البقرۃ ؍ جزء من الآیۃ ۱۹۸۔
[2] سنن أبي داود ، کتاب المناسک ، باب الکريّ ، رقم الحدیث ۱۷۳۱، ۵؍۱۰۹ ؛ و صحیح ابن خزیمۃ ، کتاب المناسک ، رقم الحدیث ۳۰۵۴، ۴؍۳۵۱۔۳۵۲ ؛ والمستدرک علی الصحیحین، کتاب المناسک ، ۱؍۴۸۱۔۴۸۲ امام حاکم نے اسے [بخاری اور مسلم کی شرط پر صحیح] کہا ہے ؛ حافظ ذہبی نے ان کے ساتھ موافقت کی ہے اور شیخ البانی نے سنن ابی داود کی حدیث کو [صحیح ] قرار دیا ہے۔(ملاحظہ ہو: المرجع السابق ۱؍۴۸۱ ؛ و التلخیص ۱؍۴۸۱ ؛ و صحیح سنن أبي داود ۱؍۳۲۶)۔