کتاب: حج وعمرہ کی آسانیاں - صفحہ 54
حدیثیں ملاحظہ فرمائیے:
ا: امام ابوداؤد نے حضرت امِ معقل رضی اللہ عنہا سے روایت نقل کی ہے ، کہ انہوں نے بیان کیا:
’’ابو معقل رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ حج کر کے آئے، تو ام معقل رضی اللہ عنہا نے کہا: ’’آپ کو علم ہے ، کہ میرے ذمے حج ہے۔‘‘
پس وہ دونوں پیدل چل کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے، تو انہوں نے عرض کیا:
’’یا رسول اللہ۔ صلی اللہ علیہ وسلم ۔! بے شک میرے ذمے حج ہے اور ابو معقل کے پاس یقینا ایک جوان اونٹ ہے۔‘‘
ابو معقل نے عرض کیا: ’’صَدَقَتْ، جَعَلْتُہُ فِيْ سَبِیْلِ اللّٰہِ۔‘‘
وہ سچ کہہ رہی ہیں،(لیکن) میں اسے اللہ تعالیٰ کی راہ میں وقف کر چکا ہوں۔‘‘
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
’’أَعْطِہَا ، فَلْتَحُجَّ عَلَیْہِ ، فَإِنَّہُ فِيْ سَبِیْلِ اللّٰہِ۔‘‘
’’اسے (وہ اونٹ)دے دو، تاکہ وہ اس پر (سوار ہو کر) حج کرے، کیونکہ بے شک وہ (حج ) اللہ تعالیٰ کی راہ میں سے ہے۔‘‘
’’فَأَعْطَاہَا الْبِکْرَ۔‘‘ [1]
’’چنانچہ ، انہوں نے اسے جوان اونٹ دے دیا۔‘‘
[1] سنن أبي داود، کتاب المناسک ، باب العمرۃ ، جزء من رقم الحدیث ۱۹۸۶، ۵؍۳۲۰۔۳۲۱ ۔ شیخ البانی نے اسے [صحیح] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: صحیح سنن أبي داود ۱؍۳۷۳)۔