کتاب: حج وعمرہ کی آسانیاں - صفحہ 192
۸: دورانِ طواف پانی پینے کی اجازت: حج و عمرہ کی آسانیوں میں سے ایک یہ ہے، کہ طواف کے درمیان پانی پینے کی اجازت ہے۔ امام ابن حبان اور امام حاکم نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت نقل کی ہے، کہ: ’’أَنَّ النَّبِيَّ صلي اللّٰه عليه وسلم شَرِبَ مَائً فِيْ الطَّوَافِ۔‘‘[1] ’’بے شک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے طواف کرتے ہوئے پانی پیا۔‘‘ اس حدیث سے دورانِ طواف پانی کا پینا ثابت ہوتا ہے۔ امام ابن حبان نے اس پر درج ذیل عنوان تحریر کیا ہے: [ذِکْرُ الْإِبَاحَۃِ لِلطَّائِفِ حَوْلَ الْبَیْتِ الْعَتِیْقِ إِذَا عَطِشَ أَنْ یَشْرَبَ فِيْ طَوَافِہِ۔][2] [بیت عتیق کے گرد طواف کرنے والے کے لیے پیاس کی صورت میں پانی پینے کے جواز کا ذکر] امام عبد الرزاق نے اپنی کتاب [المصنّف] کے ایک باب کا یہ عنوان تحریر کیا ہے: [بَابُ الشَّرَابِ فِيْ الطَّوَافِ] [3] [طواف میں پینے کے متعلق باب]
[1] الإحسان في تقریب صحیح ابن حبان، کتاب الحج، باب دخول مکۃ، رقم الحدیث ۳۸۳۷، ۹/۱۴۴۔۱۴۵؛ والمستدرک علی الصحیحین، کتاب المناسک، ۱/۴۶۰۔ امام حاکم نے اسے [غریب صحیح] کہا ہے اور حافظ ذہبی نے ان کے ساتھ موافقت کی ہے۔ (ملاحظہ ہو: المرجع السابق ۱/۴۶۰؛ والتلخیص ۱/۴۶۰)۔ شیخ شعیب ارناؤوط نے اس کی [سند کو صحیح] قرار دیا ہے۔ (ملاحظہ ہو: ہامش الإحسان ۹/۱۴۵)۔ [2] الإحسان في تقریب صحیح ابن حبان ۹/۱۴۴۔ [3] المصنّف، کتاب المناسک، ۵/۴۹۷۔