کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 46
19. جمرہ عقبہ کی رمی کے بعد قربانی کرنا اور اس سے کچھ پکا کر کھانا۔(مسئلہ نمبر 282، 313) وضاحت: یاد رہے حج افراد والوں پر قربانی کرنا واجب نہیں۔(مسئلہ نمبر 304) 20. قربانی کے بعد حلق یا تقصیر کروانا اور احرام کی چادریں اتار کر عام لباس پہننا۔(مسئلہ نمبر 231، 328، 319) 21. منیٰ سے مکہ مکرمہ جا کر طواف افاضہ کرنا‘ زمزم پینا اور کچھ حصہ سر پر بہانا(مسئلہ نمبر 334) 22. صفا و مروہ کی سعی کرنا اور مکہ مکرمہ سے منیٰ واپس آنا۔(مسئلہ نمبر 234) 23. ایام تشریق (11، 12، 13) ذی الحجہ کی راتیں منیٰ میں گزارنا اور روزانہ زوال آفتاب کے بعد جمرہ اولیٰ‘ جمرہ وسطیٰ اور جمرہ عقبہ کی بالترتیب رمی کرنا۔(مسئلہ نمبر 341، 342) 24. جمرہ اولیٰ‘ جمرہ وسطیٰ کی رمی کے بعد قبلہ رخ کھڑے ہو کر دعائیں مانگنا لیکن جمرہ عقبہ کی رمی کے بعد دعائیں مانگے بغیر واپس پلٹنا۔(مسئلہ نمبر 296) 25. قیام منیٰ کے دوران ممکن ہو تو روزانہ طواف کرنا‘ مسجد خیف میں با جماعت نمازیں ادا کرنا‘ بکثرت تہلیل و تکبیر‘ حمدوثنا‘ توبہ استغفار اور دعائیں مانگنا(مسئلہ نمبر 348، 349) 26. 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے واپس آنا ہو تو غروب آفتاب سے قبل منیٰ سے نکلنا۔(مسئلہ نمبر 243) وضاحت: اگر سورج منیٰ میں ہی غروب ہو جائے تو پھر13 ذی الحجہ کو زوال کے بعد رمی کر کے منیٰ سے واپس آنا چاہئے۔ 27. مکہ معظمہ پہنچ کر گھر رخصت ہونے سے قبل طواف وداع ادا کرنا۔(مسئلہ نمبر 351) حج افراد کا مسنون طریقہ ایک نظر میں 1. میقات سے حج کی نیت سے احرام باندھنا۔ (مسئلہ نمبر 51) 2. احرام باندھنے سے قبل غسل کرنا اور جسم پر خوشبو لگانا۔ (مسئلہ نمبر 79) لَبَّیْکَ حَجًّا کہہ کر حج کی نیت کرنا (مسئلہ نمبر 82) ممکن ہو تو نماز ظہر ادا کرنے کے بعد احرام باندھنا ۔(مسئلہ نمبر 80) احرام باندھنے کے بعد بلند آواز سے تلبیہ کہنا اور ایک بار یہ الفاظ ادا کرنا اَللّٰھُمَّ ھٰذِہٖ حَجَّۃَ لاَ رِیَائَ فِیْھَا وَلاَ سُمْعَۃَ (اے اللہ! میرے اس حج سے نہ دکھاوا مقصود ہے نہ شہرت مطلوب ہے) (مسئلہ نمبر 131)