کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 22
عرفات سے حاجی غروب آفتاب کے بعد روانہ ہوتا ہے لیکن مغرب کی نماز وقت پر ادا نہیں کرتا بلکہ مزدلفہ آکر عشاء کی نماز کے ساتھ ادا کرتا ہے حالانکہ اول وقت میں نماز ادا کرنا افضل ترین عمل ہے (ترمذی)اور نماز تاخیر سے ادا کرنا نفاق کی علامت ہے پھر اس موقع پر حاجی عمداً مغرب کی نماز موخر کیوں کرتا ہے؟ اس لئے کہ اس موقع پر نماز مغرب وقت پر ادا کرنے میں سنت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی خلاف ورزی ہے اور موخر کرنے میں اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔ مزدلفہ میں حاجی ساری رات سو کر گزارتا ہے اور عمداً نماز تہجد ترک کرتا ہے حالانکہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمام نفل نمازوں میں سے تہجد کو افضل ترین نماز قرار دیا ہے۔(مسند احمد)حاجی اس رات نماز تہجد کیوں ترک کرتا ہے؟ صرف اس لیے کہ خود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس رات نماز تہجد ادا نہیں فرمائی۔ مزدلفہ سے حاجی پھر پلٹ کر اسی جگہ ۔۔۔۔منیٰ۔۔۔۔میں آجاتا ہے جہاں سے چلا تھا اس لئے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا ہی کرنے کا حکم دیا ہے۔ 10ذی الحجہ کو منیٰ پہنچ کر حاجی صرف جمرہ عقبہ کو کنکریاں مارتا ہے حالانکہ باقی دو یا تین دنوں میں جمرہ عقبہ کے ساتھ جمرہ وسطیٰ اور جمرہ اولیٰ کو بھی کنکریاں مارتا ہے اس کی وجہ صرف یہی ہے کہ 10 ذی الحجہ کو چونکہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف جمرہ عقبہ کو ہی کنکریاں ماریں جمرہ وسطیٰ اور جمرہ اولیٰ کو نہیں ماریں لہٰذا اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور اتباع سنت یہی ہے کہ اس روز صرف جمرہ عقبہ کو ہی کنکریاں ماری جائیں۔ اسی روز حاجی قربانی کرکے بال کٹواتا ہے اور نہا دھو کر مکہ مکرمہ طواف زیارت کے لئے جاتا ہے تھکا ماندہ سستانے کا خواہشمند حاجی طواف زیارت کے بعد پھر انہی قدموں پر واپس منیٰ پلٹ جاتا ہے۔ صرف اس لئے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسا ہی کیا تھا۔ ایام تشریق میں حاجی زوال کے بعد جمرہ وسطیٰ اور جمرہ عقبہ کو بالترتیب کنکریاں مارتا ہے لیکن اگر وہ پہلے جمرہ عقبہ پھر جمرہ وسطیٰ اور پھر جمرہ اولیٰ کو کنکریاں مارے تو اس کا یہ عمل باطل ٹھہرتا ہے کیونکہ اس سے پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ اس کی رمی صرف اس وقت ہی اللہ تعالیٰ کے ہاں قابل قبول اور باعث اجرو ثواب ہو گی جب وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بتائی ہوئی ترتیب کے مطابق ہو گی۔ ایام تشریق منیٰ میں گزارنے کے بعد حاجی پھر مکہ مکرمہ آتا ہے اور اپنے وطن روانہ ہونے سے پہلے