کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 188
عَنْ جَابِرٍ رضی اللّٰهُ عنہ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم ((صَلاَ ۃ ٌفِیْ مَسْجِدِیْ اَفَضَلُ مِنْ اَلْفِ صَلاَۃٍ فِیْمَا سِوَاہُ اِلاَّ الْمَسْجِدِ الْحَرَامَ وَصَلاَۃٌ فِیْ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اَفْضَلُ مِنْ مِائَۃِ اَلْفِ صَلاَۃٍ فِیْہِ سِوَاہُ ۔ رَوَاہُ اَحْمَدٌ [1] (صحیح) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’میری مسجد میں نماز ادا کرنے کا اجر (دوسری مساجد کے مقابلے میں) ہزار گنا زیادہ ہے سوا ئے مسجد حرام کے اور مسجد حرام میں ایک نماز کا ثواب (دوسری مساجد کے مقابلے میں) ایک لاکھ گنا زیادہ ہے۔‘‘ اسے احمد نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 390: دنیا میں سب سے پہلے مکہ مکرمہ کی مسجد،مسجدالحرام کی تعمیر کی گئی۔ عَنْ اَبِیْ ذَرٍ رضی اللّٰهُ عنہ قَالَ: قُلْتُ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم اَیُّ مَسْجِدٍ وُضِعَ فِیْ الْاَرْضِ اَوَّلُ ؟ قَالَ (( اَلْمَسْجِدُ الْحَرَامُ )) قُلْتُ: ثُمَّ اَیِّ ؟ قَالَ (( اَلْمَسْجِدُ الْاَقْصٰی )) قُلْتُ: کَمْ بَیْنَہُمَا ؟ قَالَ ((اَرْبَعُوْنَ سَنَۃً وَاَیْنَمَا اَدْرَکَتْکَ الصَّلاَۃُ فَصَلِّ فَہُوَ مَسْجِدٌ)) رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2] حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! زمین پر سب سے پہلے کون سی مسجد تعمیر کی گئی؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا’’مسجد حرام‘‘ میں نے عرض کیا ’’اس کے بعد کون سی؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’مسجد اقصیٰ‘‘ میں نے عرض کیا ’’ان دونوں کی تعمیر کے درمیان کتنا عرصہ حائل ہے؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’چالیس سال! اور تجھے جہاں بھی نماز کا وقت آجائے وہیں نماز پڑھ لے۔ وہ جگہ مسجد (ہی)ہے۔‘‘ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 391: مکہ مکرمہ کی مسجد،مسجدالحرام، نماز کے ممنوعہ اوقات سے مستثنیٰ ہے۔ عَنْ جُبَیْرِ بْنِ مُطْعِمٍ رضی اللّٰهُ عنہ اَنَّ النَّبِیَّ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم قَالَ (( یَا بَنِی عَبْدِمَنَافٍ لاَ تَمْنَعُوْا اَحَدًا طَافَ بِہٰذَا الْبَیْتِ وَصَلّٰی اٰیَۃَ سَاعَۃٍ شَائَ مِنْ لَیْلٍ اَوْ نَہَارٍ)) ۔رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ[3] (صحیح) حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’اے بنو عبد مناف! بیت اللہ شریف کا طواف کرنے اور نماز پڑھنے سے کسی کو منع نہ کرو خواہ دن اور رات کا کوئی سا وقت ہو۔‘‘ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔
[1] ابواب المناقب ، باب فی فضل مکۃ. [2] کتاب الفتن ، باب قصۃ الجساسۃ. [3] کتاب الحج ، باب النہی من حمل السلاح بمکۃ من غیر حاجۃ.