کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 187
محبوب ہے۔ اگر میں یہاں سے نکالا نہ جاتا تومیں کبھی یہاں سے نہ نکلتا۔‘‘ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہ عَنْہُمَا قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم لِمَکَّۃِ (( مَا اَطْیَبَکِ مِنْ بَلَدٍ وَّاَحَبَّکِ اِلَیَّ وَلَوْلاَ اَنَّ قَوْمِیْ اَخْرِجُوْنِیْ مِنْکِ مَا سَکَنْتُ غَیْرَکِ ))رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ[1] (صحیح) حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مکہ سے مخاطب ہو کر فرمایا ’’ تو کیا ہی اچھا شہر ہے مجھے سب سے زیادہ محبوب ہے‘ اگر میری قوم مجھے نہ نکالتی تو میں تیرے علاوہ کسی دوسری جگہ سکونت اختیار نہ کرتا۔‘‘ اسے ترمذی نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 387: دجال مکہ اور مدینہ میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ عَنْ اَنَسِ بْنِ مَالِکٍ رضی اللّٰهُ عنہ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم (( لَیْسَ مِنْ بَلَدٍ اِلاَّ سَیَطَؤُہُ الدَّجَّالُ اِلاَّ مَکَّۃَ وَالْمَدِیْنَۃَ وَلَیْسَ نَقَبٌ مِنْ اَنْقَابِہَا اِلاَّ عَلَیْہِ الْمَلاَئِکَۃُ صَافِیْنَ تَحْرُسُہَا۔ رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2] حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’کوئی شہر ایسا نہیں ہے جس میں دجال کا گزر نہ ہو سوا مکہ اور مدینہ کے۔ ان کے تمام راستوں پر فرشتے صف در صف پہرہ دے رہے ہیں۔‘‘ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 388: مکہ مکرمہ میں بلا ضرورت ہتھیار لے کر چلنا منع ہے۔ عَنْ جَابِرٍ رضی اللّٰهُ عنہ قَالَ سَمِعْتُ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم یَقُوْلُ (( لاَ یَحِلُّ لِاَحَدِکُمْ اَنْ یَحْمِلَ بِمَکَّۃَ السِّلاَحَ )) رَوَاہُ مُسْلِمٌ[3] حضرت جابر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ کسی شخص کے لئے مکہ میں ہتھیار اٹھانا جائز نہیں ہے۔ اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 389: مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام، میں ایک نماز ادا کرنے کا ثواب ایک لاکھ نماز کے برابر ہے۔
[1] کتاب الحج ، باب فضل المدینۃ و دعا …. [2] ابواب المناقب ، باب فی فضل مکۃ.