کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 17
تعلیم وحدت ملت کی تعلیم رجوع الی اللہ کی تعلیم اتباع سنت کی تعلیم اور عقیدہ توحید کی تعلیم۔
عقیدہ توحید اور اتباع سنت اسلام کی دو بنیادی اور اہم ترین تعلیمات ہیں۔ ان کے بارے میں ہم تفصیل سے گفتگو کریں گے کہ کس طرح دوران حج ان دونوں باتوں کی تذکیر اور تعلیم کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عقیدہ توحید
دین اسلام میں عقیدہ توحید کی اہمیت محتاج وضاحت نہیں عقیدہ توحید اگر درست نہ ہو تو کوئی بڑے سے بڑا نیک عمل بھی اللہ تعالیٰ کے ہاں قبول نہیں ہوتا۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب کر کے یہ بات ارشاد فرمائی
﴿ لَئِنْ اَشْرَکْتَ لَیَحْبَطَنَّ عَمَلُکَ وَ لَتَکُوْنَنَّ مِنَ الْخٰسِرِ یْنَ ﴾(65:39)
”اگر تم نے شرک کیا تو تمہارا کیا کرایا عمل ضائع ہو جائے گا اور تم خسارہ پانے والوں میں سے ہو جاؤ گے۔“(سورة الزمر،آیت نمبر65)
سورہ مائدہ میں اللہ تعالیٰ نے واضح طور پر یہ بات ارشاد فرمائی ہے کہ مشرک کے لئے جنت حرام ہے اور وہ ہمیشہ ہمیشہ جہنم میں رہے گا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿ اِنَّہ مَنْ یُّشْرِکْ بِاللّٰہِ فَقَدْ حَرَّمَ اللّٰہُ عَلَیْہِ الْجَنَّةَ وَ مَاْوَاہُ النَّارُ ﴾ (72:5)
”جس نے اللہ کے ساتھ شرک کیا اس پر اللہ نے جنت حرام کردی ہے اور اس کا ٹھکانا جہنم ہے۔“(سورة المائدہ،آیت نمبر 72)
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ایک صحابی حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یہ نصیحت فرمائی:
﴿ لاَ تُشْرِکْ بِاللّٰہِ شَیْئًا وَ اِنْ قُتِّلْتَ اَوْ حُرِّقْتَ ﴾
” اللہ تعالیٰ کے ہاں کسی کو شریک نہ ٹھہرانا خواہ قتل کر دئے جاؤ یا جلا دئیے جاؤ۔“ (مسند احمد)
قیامت کے روز رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا ابو طالب‘ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے والد‘ حضرت نوح علیہ السلام کا بیٹا اور حضرت لوط علیہ السلام کی بیوی انبیاء کے ساتھ گہرے خونی رشتے کے باوجود جہنم میں چلے جائیں گے صرف اس لئے کہ وہ عقیدہ توحید سے محروم ہوں گے۔ اس سے عقیدہ توحید کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ آئیے ایک نظر دیکھیں کہ حج کس طرح حاجی کو عقیدہ توحید میں راسخ کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔