کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 165
اَلْحَـــــلْقُ وَالتَّقْصِـــــــیْرُ
سرمنڈوانے اور بال کٹوانے کے مسائل
مسئلہ 319: 10 ذی الحجہ کو قربانی کے بعد سرمنڈوانا یا سر کے بال کٹوانا واجب ہے۔
مسئلہ 320: پہلے سر کا دایاں حصہ پھربایاں حصہ منڈوانا مستحب ہے۔
وضاحت: 1. حدیث مسئلہ نمبر 282 کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔2. حلق یا تقصیر ترک کرنے پر ایک دم (مکہ یا منیٰ میں) دینا واجب ہے۔
مسئلہ 321: اگرکسی عذر یا بھول چوک یا لاعلمی کی وجہ سے قربانی سے پہلے حجامت کروالی جائے تو کوئی حرج نہیں۔
وضاحت: 1. حدیث مسئلہ نمبر 283 کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔
مسئلہ 322: حلق یا تقصیر کے وقت اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلٰی مَا ھَدَانَا وَاَنْعَمَ عَلَیْنَا اَللّٰھُمَّ ھٰذِہٖ نَاصِیَتِیْ بِیْدِکْ کے الفاظ سنت سے ثابت نہیں۔
مسئلہ 323: خواتین کو انگشت بھر بال خود یا کسی محرم سے کٹوانے چاہئیں۔
مسئلہ 324: خواتین کے لئے سر کے سارے بال منڈوانا یا کٹوانا منع ہے۔
وضاحت: 1. حدیث مسئلہ نمبر 371 کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔2. بال کٹواتے ہوئے خواتین کو پردے کا اہتمام ضرور کرنا چاہئے۔
مسئلہ 325: سر کے مختلف حصوں سے تھوڑے تھوڑے بال کاٹ کر احرام اتارنا سنت سے ثابت نہیں۔
مسئلہ 326: حلق یا تقصیر کے لئے قبلہ رو بیٹھنا سنت سے ثابت نہیں۔
[1] کتاب الحج ، باب الحجۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم.
[2] ابواب الاضاحی ، باب اضاحی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم.