کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 139
اَیَّـــــامُ الْحَــــــــجِّ
ایام حج کے مسائل
8 ذِیْ الْحَجَّۃِ یَوْمُ التَّرْوِیَّۃِ 8 ذی الحجہ( یوم الترویہ) کے مسائل[1]
مسئلہ 235: عمرہ ادا کرنے کے بعد احرام کھولنے والے بیرونی حجاج (یعنی متمتع) نیز میقات کے اندر رہائش پذیر حج کے خواہش مند تمام حضرات کو 8ذی الحجہ کواپنی رہائش گاہ سے احرام باندھنا چاہئے۔
عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا قَالَ وَقَّتَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰهُ علیہ وسلم …فَمَنْ کَانَ دُوْنَہُنَّ فَمِنْ اَہْلِہٖ وَکَذَا فَکَذٰلِکَ حَتّٰی اَہْلُ مَکَّۃَ یُہِلُّوْنَ مِنْہَا۔رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2]
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (احرام باندھنے کے لئے) میقات کے اندر رہنے والوں کے بارے میں فرمایا کہ وہ اپنی اپنی رہائش گاہ سے ہی احرام باندھیں حتی کہ مکہ مکرمہ میں رہائش پذیر لوگ مکہ مکرمہ سے ہی احرام باندھیں۔اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
وضاحت: حج افراد اور حج قران ادا کرنے والے بیرونی حجاج کو میقات سے باندھے ہوئے پہلے احرام کے ساتھ ہی 8 ذی الحجہ کو منیٰ میں پہنچنا چاہئے۔
مسئلہ 236: 8 ذی الحجہ کو نماز ظہر سے قبل منیٰ پہنچنا مسنون ہے۔
مسئلہ 237: مکہ مکرمہ سے سواری پر منیٰ جانا جائز ہے۔
[1] کتاب الحج ، باب بیان ان السعی لا یکرر.
[2] کتاب الحج ، باب بیان وجوہ الاحرام.