کتاب: حج اور عمرہ کے مسائل - صفحہ 125
دوسرے ساتھی کو اس کا باقی حج (یعنی طواف زیارت) مکمل کرنے کی ضرورت نہیں۔ وضاحت: حدیث مسئلہ نمبر 110کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔ مسئلہ 200: اگر کسی کو طواف کے چکروں کی تعداد میں شک ہو جائے‘ تو کم تعداد شمار کر کے باقی چکروں سے طواف مکمل کرنا چاہئے۔ وضاحت: حدیث مسئلہ نمبر 224 کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔ طواف سے متعلق وہ امور جو سنت سے ثابت نہیں 1 طواف کے لئے نَوَیْتُ طَوَافِیْ ھٰذَا جیسے الفاظ سے نیت کرنا۔ 2 حجر اسود کا استلام کرتے وقت نماز کی طرح دونوں ہاتھ بلند کرنا۔ 3 استلام کے بعداَللّٰھُمَّ اِیْمَانًا بِکَ وَ تَصْدِیْقًا بِکِتَابِکَ وَعَلٰی سُنَّةِ نَبِیِّکَ کے الفاظ کہنا۔ 4 دوران طواف سینے پر ہاتھ باندھنا۔ 5 بیت اللہ شریف کے دروازے کے سامنے اَللّٰھُمَّ اِنَّ الْبَیْتَ بَیْتِکَ الْحَرَمَ نَبِیِّکَ کے الفاظ کہنا۔ 6 دوران طواف اَللّٰھُمَّ اجْعَلْہُ حَجًّا مَّبْرُوْرًا وَّذَنْبًا مَّغْفُوْرًا وَّسَعْیًا مَّشْکُوْرًا وَّ تِجَارَةً لَّنْ تَبُوْرْا یَا عَزِیْزِ یَا غَفَّارَ کہنا۔ 7 دوران طواف رکن شامی‘ رکن عراق یا مقام ابراہیم کا استلام کرنا۔ 8 بارش کے دوران یہ سمجھتے ہوئے طواف کرنا کہ اس سے گزشتہ سارے گناہ معاف ہو جائیں گے۔ 9 دوران طواف رکن یمانی کو بوسہ دینا۔ 10 رکن یمانی کو چھونے کے بعد (حجر اسود کی طرح) ہاتھ کو بوسہ دینا۔ 11 ہجوم کے باعث رکن یمانی کو چھو نہ سکنے کی صورت میں حجر اسود کی طرح دور سے اشارہ کرنا۔ 12 رکن یمانی کو چھوتے ہوئے حجر اسود کی طرح بِسْمِ اللّٰہِ‘ اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہنا۔
[1] فقہ السنۃ ، کتاب الحج ، باب استحباب الشرب من ماء زمزم. [2] کتاب الحج ، باب ما جاء فی زمزم. [3] کتاب الحج ، باب استحباب الدعاء عند الملتزم.