کتاب: حدیث ابو ذر رضی اللہ عنہ - صفحہ 92
اللہ تعالیٰ ہی بندوں کو گمراہی کی دلدل سے نکال کر ہدایت کے راستہ پر لگاتا اور چلاتاہے،بھوکوں کو کھاناکھلاتاہے،برہنہ بدن انسانوں کو لباس مہیا کرتاہے،خطاکاروں کی لغزشوں کو معاف فرماتاہے۔
یہ تمام کام اللہ تعالیٰ ہی انجام دیتاہے،جبکہ وہ اپنی مخلوقات سے بکمال مستغنی ہے،مخلوقات میں کوئی قدرت یا طاقت نہیں ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کو کوئی نفع یانقصان پہنچائیں؛کیونکہ اللہ تعالیٰ غنی اورحمیدہے۔
اللہ تعالیٰ بندوں کے اعمال سے مستغنی ہے
اللہ تعالیٰ کو بندوں کی اطاعات کی بھی کوئی حاجت نہیں اور نہ ہی بندوں کی کسی اطاعت کا کوئی نفع اس تک پہنچتاہے،اور نہ ہی ا ن کی نافرمانیوں کا کوئی نقصان اس تک پہنچتاہے،بلکہ بندے ہی اپنے امورِاطاعت سے نفع حاصل کرتےہیں،جبکہ معصیتوں کا نقصان اٹھاتےہیں۔
جیسا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
[لَنْ يَّنَالَ اللہَ لُحُوْمُہَا وَلَا دِمَاۗؤُہَا وَلٰكِنْ يَّنَالُہُ التَّقْوٰي مِنْكُمْ۰ۭ ][1]
یعنی: اللہ تعالیٰ تک تمہاری قربانیوں کا گوشت اور خون نہیں پہنچتا، بلکہ اس تک تمہارے دلوں کا تقویٰ اوراخلاص پہنچتاہے۔
[1] الحج:۳۷