کتاب: حدیث کا شرعی مقام جلد دوم - صفحہ 334
چند آیتیں درج ذیل ہیں : ۱:… ﴿اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلَامُ﴾ (آل عمران: ۱۹) ’’درحقیقت اللہ کے نزدیک دین اسلام ہی ہے۔‘‘ ۲:… ﴿فَلَوْ لَا نَفَرَ مِنْ کُلِّ فِرْقَۃٍ مِّنْہُمْ طَآئِفَۃٌ لِّیَتَفَقَّہُوْا فِی الدِّیْنِ﴾ (التوبۃ: ۱۲۲) ’’پس کیوں نہ نکلے ان کی ہر آبادی سے کچھ لوگ تاکہ دین میں بصیرت پیدا کریں ۔‘‘ ۳:… ﴿اَلْیَوْمَ یَئِسَ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا مِنْ دِیْنِکُمْ فَلَا تَخْشَوْہُمْ وَ اخْشَوْنِ اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لَکُمْ دِیْنَکُمْ وَ اَتْمَمْتُ عَلَیْکُمْ نِعْمَتِیْ وَ رَضِیْتُ لَکُمُ الْاِسْلَامَ دِیْنًا﴾ (المائدۃ: ۳) ’’جن لوگوں نے کفر کی روش اختیار کی ہے آج وہ تمہارے دین کی طرف سے مایوس ہو چکے ہیں ، لہٰذا تم لوگ ان سے مت ڈرو اور مجھ سے ڈرو، آج میں نے تمہارے لیے تمہارے دین کو مکمل کر دیا ہے اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی اور تمہارے لیے دین کے طور پر اسلام کو پسند کر لیا۔‘‘ ۴:… ﴿وَ مَنْ یَّبْتَغِ غَیْرَ الْاِسْلَامِ دِیْنًا فَلَنْ یُّقْبَلَ مِنْہُ وَ ہُوَ فِی الْاٰخِرَۃِ مِنَ الْخٰسِرِیْنَ﴾ (آل عمران: ۸۵) ’’اور جو کوئی اسلام کے سوا کوئی اور دین چاہے تو وہ اس سے ہرگز قبول نہ کیا جائے گا اور آخرت میں وہ نامرادوں میں سے ہو گا۔‘‘ ان ارشادات مبارکہ میں دین اپنے کامل ترین اور جامع ترین معنوں میں استعمال ہوا، لیکن اپنے کسی معنیٰ میں بھی اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی کامل فرماں برداری، جس سیدھے راستے کی اس نے ہدایت دی ہے اس پر چلتے رہنے، اس کی نازل کردہ کتاب کے جملہ احکام کی تعمیل اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے اوامر و نواہی کی مکمل پابندی کے مفہوم سے خالی نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب عزیز میں اپنے رسول کے کلام کے وحی ہونے کی جو یقین دہانی کرائی ہے (سورۂ نجم: ۲-۳) اس کی اطاعت کو ایمان و اسلام کی جو شرط قرار دی ہے۔ (سورۂ نساء: ۵۹) ایمان بالرسالت کی صحت کو اس کی غیر مشروط اور مکمل اطاعت پر جو مبنی قرار دیا ہے۔ (النساء: ۶۴) اس کے حکم اور فیصلے پر بطیب خاطر اور انشراح صدر کے سر تسلیم خم کر دینے کا جو حکم دیا ہے۔ (النساء: ۶۵) وغیرہ یہ سب کچھ اللہ کے حکم کی اطاعت میں شامل ہونے کی وجہ سے دین ہی کا ایک حصہ ہیں ۔ مذکورہ بالا آیات کریمہ اور ان کے علاوہ دوسری آیات مبارکہ سے یہ حقیقت روز روشن سے زیادہ واضح ہے کہ ہم مسلمانوں کے نزدیک دین ہی اسلام ہے اور اسلام ہی دین ہے اور سورۂ آل عمران کی آیت ۱۹ اس امر میں نص قطعی ہے