کتاب: حدیث کا شرعی مقام جلد اول - صفحہ 33
الدلالۃ نہیں ظنی الدلالہ مانتے ہیں ، لیکن دوسرے منکرین کچھ تحفظ سے کام لیتے ہیں اور قرآن ہی کو اپنا ماخذ دین بتاتے ہیں اس لیے ان کے دعوؤں کے رد میں قرآن ہی سے استدلال کیا گیا ہے۔ مجھے اس بات کا احساس ہے کہ اس کتاب میں بعض موقعوں پر میرا لب ولہجہ سخت ہوگیا ہے جس کا سبب میری غیرت دینی ہے ایسے مواقع پر حدیث کو نشانہ بنانے والوں کے لب ولہجہ کو سامنے رکھنے کے بعد مجھے معذور تصور کیا جائے گا۔ میں نے کسی بھی منکر حدیث یا حدیث کے وحی ہونے کا انکار کرنے والے کی کوئی بات، کوئی دعوی یا کوئی اعتراض نقل کرنے میں کسی بددیانتی یا خیانت سے کام نہیں لیا ہے، بلکہ پوری بات، پورا دعوی اور پورا اعتراض نقل کر کے اس کا جواب دیا ہے۔ اس کتاب میں اہل علم کے اقوال سے شاذ ونادر ہی استدلال کیا گیا ہے، جو کچھ کہا گیا ہے اس کی دلیل قرآن وحدیث ہی سے دی گئی ہے اور اپنی بات میں وزن پیدا کرنے کے لیے قرآنی آیات یا احادیث کی غلط تاویل نہیں کی گئی ہے۔ اس کتاب کی اشاعت کا شرف الفرقان ٹرسٹ کو حاصل ہو رہا ہے، صاحب مکتبہ محترم جناب عبدالجلیل ابو ساریہ صاحب ایک مخلص دوست اور راہ حق کے صاحب عزیمت ساتھی ہیں ، ان کے حسن تعاون، محبت اور للہیت پر میں ان کا دلی شکر گزار ہوں ۔ آپ نے اس کتاب میں ممدو معاون گراں قدر کتابیں فراہم کر کے اپنے حب حدیث کا ثبوت دیا ہے۔ فجزاہ اللّٰہ خیرا اللہ تعالیٰ خدمت حدیث کی میری یہ معمولی کوشش قبول فرمائے اور اس کتاب کو قبول عام بنائے۔ آمین سید سعید احسن عابدی جدہ، ۳ جمادی الاول ۱۴۳۵ہجری مطابق ۴ مارچ ۲۰۱۴ء قبل از اذانِ فجر