کتاب: حدیث کا شرعی مقام جلد اول - صفحہ 186
میں تشریف فرما تھے، آپ نے فرمایا: ’’دو رکعتیں ادا کر لو۔‘‘[1] تحیۃ المسجد کی مذکورہ بالا حدیثوں اور ان کے اسلوب بیان کو سامنے رکھئے اور ان کی روشنی میں خطبہ جمعہ کے دوران تحیۃ المسجد کی حدیث پر غور کیجئے جس کے الفاظ ہیں : ((حدثنأ ابو النعمان، قال: حدثنا حماد بن زید، عن عمرو بن دینار، عن جابر بن عبد اللّٰہ، قال: جاء رجلٌ والنبی صلي اللّٰه عليه وسلم یخطبُ الناس یوم الجمعۃ، فقال: أصلیت یا فلانُ؟ قال: لا۔ قال: قم فارکع)) ’’ہم سے ابو نعمان نے بیان کیا، کہا: ہم سے حماد بن زید نے، عمرو بن دینار سے، اور انہوں نے جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: ایک صاحب ایسے وقت مسجد میں آئے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو جمعہ کے دن کا خطبہ دے رہے تھے، آپ نے فرمایا: اے فلاں ! کیا تم نے نماز پڑھ لی ہے؟ عرض کیا: نہیں ۔ فرمایا: اٹھ کر نماز پڑھ۔‘‘[2] امام بخاری یہ حدیث کتاب الجمعہ کے باب ’’باب اِذَا رأی الامام رجلا جاء وھو یخطب، أمرہ أن یصلی رکعتین‘‘ ’’جب امام کسی ایسے شخص کو دیکھے جو اس کے خطبہ دیتے ہوئے مسجد میں آئے، تو وہ اسے حکم دے کہ وہ دو رکعتیں پڑھ لے‘‘ کے تحت لائے ہیں اور باب کے عنوان سے خطبہ جمعہ کے دوران تحیۃ المسجد کی دو رکعتوں کے وجوب پر استدلال کیا ہے یہی حدیث وہ اس باب کے بعد آنے والے باب کے تحت بھی لائے ہیں اور باب کا عنوان رکھا ہے: ’’من جاء والامام یخطب صلی رکعتین خفیفتین۔‘‘ جو شخص امام کے خطبہ دیتے ہوئے مسجد میں آئے وہ دو ہلکی رکعتیں ادا کرے۔ [3] ان دونوں جگہوں پر حدیث کے الفاظ یکساں ہیں ، سوائے اس کے کہ پہلی حدیث میں ’’یا فلان‘‘ ہے اور دوسری میں یہ خطاب نہیں ہے صرف سوال: أصلیت؟ ہے نیز پہلی حدیث میں عمرو بن دینار سے پہلے جو دو راوی آئے ہیں یعنی ابو نعمان اور حماد بن زید دوسری حدیث کی سند میں ان کی جگہ علی بن عبد اللہ اور سفیان بن عیینہ ہیں ۔ یہی حدیث امام بخاری تیسری جگہ کتاب التہجد کے باب ’’ما جاء فی التطوع مثنی مثنی‘‘ کے تحت لائے ہیں ، یعنی نفل نماز کے دو دو رکعتیں ادا کرنے سے متعلق احادیث کا باب اس باب کے تحت انہوں نے جو حدیثیں درج کی ہیں ان میں خطبۂ جمعہ کے دوران ادا کی جانے والی تحیۃ المسجد کی حدیث پانچویں ہے جس میں اثناء خطبہ کسی شخص کے مسجد میں آنے کا کوئی ذکر نہیں ہے، بلکہ دوران خطبہ مسجد میں ہر آنے والے کو یہ حکم دیا گیا ہے کہ وہ دو رکعتیں ادا کرے۔
[1] بخاری: ۴۴۳۔ مسلم: ۷۱۵ [2] بخاری: ۹۳۰، مسلم: ۸۷۵ [3] نمبر ۹۳۱