کتاب: حدیث کا شرعی مقام جلد اول - صفحہ 151
معاملہ اللہ کے حوالے ہے،چاہے اسے معاف فرما دے اور چاہے اسے سزا دے‘‘ ہم نے ان باتوں پر آپ سے بیعت کی۔‘‘[1] امام مسلم یہ حدیث جن سندوں سے لائے ہیں ان میں سے ایک سند میں امام زہری شامل نہیں ہیں وہ سند یوں ہے: ’’مجھ سے اسماعیل بن سالم نے بیان کیا، کہا ہم کو ھشیم نے خبر دی، کہا: ہم کو خالد نے، ابو قلابہ سے، انہوں نے ابو اشعث صنعانی سے اور انہوں نے عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ سے‘‘[2] مزید براں یہ کہ اس حدیث کی روایت میں حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ منفرد نہیں ہیں ، بلکہ دنیا میں دی جانے والی سزا کے گناہوں کا کفارہ بن جانے کی حدیثیں دوسرے صحابہ کرام نے بھی روایت کی ہیں ؛ امام ترمذی نے حضرت عبادہ کی حدیث نقل کرنے کے بعد لکھا ہے کہ ’’اس باب میں علی، جریر بن عبد اللہ اور خزیمہ بن ثابت سے بھی احادیث مروی ہیں ، اور امام ابن حجر نے ان ناموں میں حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کے نام کا اضافہ کیا ہے، تفصیلات حسب ذیل ہیں۔ ۱۔ حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کی حدیث کی سند اور متن کا ترجمہ: ’’ہم سے حجاج بن محمد نے یونس بن ابو اسحاق سے، انہوں نے ابو اسحاق ہمدانی سے، انہوں نے ابو جحیفہ سے اور انہوں نے علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا، اور انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے کہ ’’جس نے قابل حد گناہ کا ارتکاب کیا اور اس کو اس دنیا ہی میں جلد اس کی سزا دے دی گئی تو اللہ اس سے زیادہ منصف ہے کہ آخرت میں اپنے بندے کو دوبارہ سزا دے۔‘‘[3] ۲۔ حضرت خذیمہ بن ثابت رضی اللہ عنہ کی حدیث کی سند اور متن کا ترجمہ: ’’امام احمد فرماتے ہیں : ہم سے روح نے بیان کیا، کہا: ہم سے اسامہ بن زید نے، محمد بن منکدر سے، انہوں نے ابن خزیمہ بن ثابت۔ عمارہ۔ سے، انہوں نے اپنے والد سے، اور انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہوئے بیان کیا کہ ’’جس نے ایسے گناہ کا ارتکاب کیا جس گناہ کی حد اس پر قائم کر دی گئی تو وہ اس کا کفارہ ہے۔‘‘[4] ۳۔ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کی حدیث کی سند اور متن کا ترجمہ: ’’حافظ طبرانی فرماتے ہیں : ہم سے موسی نے بیان کیا، کہا: ہم سے محمد بن بکیر نے بیان کیا، کہا: ہم سے سویدبن عبد العزیز نے، حسین زیات سے، انہوں نے سالم سے اور انہوں نے اپنے والد سے روایت کرتے
[1] بخاری: ۱۸۔ ۳۸۹۲۔ ۹۳، ۳۹۹۹، ۴۸۹۴، ۶۷۸۴، ۶۸۰۱، ۶۸۷۳، ۷۰۵۵، ۷۱۹۹ ۔ مسلم: ۱۷۰۹۔ ۴۱، ۴۲، ۴۴ [2] حدیث نمبر ۱۷۰۹۔ ۴۲۔ [3] ترمذی: ۲۶۲۶۔ مسندہ: ۱۳۶ [4] ۲۲۲۱۰، ۲۲۲۲۰