کتاب: گلدستہ دروس خواتین - صفحہ 33
کے خطابات ہوتے ہیں، جنھیں سعودی عرب کے دور دراز علاقوں سے مدعو کیا جاتا ہے۔ اسی طرح جالیات، سنٹر الجبیل میں شیخ مختار مدنی اور ان کے رفقا و دعاۃ اور نیو صناعیہ جالیات سنٹر، الریاض میں قاری محمد اقبال راشد اور ان کے رفقا کے تعاون سے ہونے والے سالانہ جلسے بھی بڑے عظیم الشان ہوتے ہیں۔
الخبر کے عظیم سالانہ پروگرام میں صرف مرد حضرات ہی نہیں، بلکہ خواتین کا شعبہ بھی حصہ لیتا ہے، جس میں پچھلے کئی سالوں سے میری اہلیہ ام عدنان بشریٰ قمر ۔و فقہا اﷲ تعالیٰ۔ بھی درس دے رہی ہیں۔ اس سالانہ پروگرام کے علاوہ بھی خواتین کے حلقوں میں ہفتہ وار درس و تدریس کا سلسلہ سال بھر جاری رہتا ہے اور ہر ہفتے میں میری اہلیہ کے مسلسل دو اور کبھی کبھی تین درس الخبر کے مختلف علاقوں میں ہوتے ہیں۔ تَقَبَّلَ اللّٰـہُ مِنْہَا۔
زیرِ نظر کتاب انہی دروس و محاضرات کا مجموعہ ہے جس کی سردست یہ دو جلدیں پیشِ خدمت ہیں اور اللہ کی توفیق شاملِ حال رہی تو یہ سلسلہ مزید جاری رہے گا۔ اِنْ شَآئَ اللّٰہُ۔
لوگوں کے ہاں خواتین کے دروس پر مشتمل مجموعے اور متعلقہ کتب تو یقینا موجود ہیں، لیکن اس مجموعے کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس میں واہی تباہی قصے کہانیوں، من گھڑت اور ضعیف و منکر روایات سے ممکن حد تک اجتناب کیا گیا ہے، جس کا التزام مولفہ نے دروس کی تیاری ہی میں کیا ہوا ہے، کیوں کہ فضول قصوں کہانیوں سے گریز ہی میں سلامتی اور صحیح و حسن درجے کی احادیث ہی میں خیر و برکت ہے۔
ان دروس و محاضرات کو سات الگ الگ کتب و اجزا کی شکل میں ایک سیٹ کے انداز سے شائع کرنے کا ارادہ تھا، مگر اخراجات کا تخمینہ لگوایا تو وہ سات جلدیں ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ ہوگیا۔ صفحات کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ ایک جلد میں چھاپتے تو بہت ضخیم ہوجاتی، لہٰذا میانہ روی اختیار کرتے ہوئے ان دروس کو دو جلدوں ہی میں شائع کر رہے ہیں، تاہم ساتوں عناوین کو سات ابواب کی شکل دے دی گئی ہے، بلکہ اسلام کے ارکانِ اربعہ کو دو حصوں (۱۔ نماز و روزہ، ۲۔ حج و عمرہ اور زکات) میں الگ الگ کر کے آٹھ ابواب کر دیے گئے ہیں۔
کتاب میں وارد تمام احادیث و مضامین باحوالہ ہیں اور احادیث کی باقاعدہ فنی تخریج میں جناب حافظ شاہد محمود صاحب (فاضل مدینہ یونیورسٹی) کی معاونت نے کتاب کے معیار و اعتبار میں