کتاب: گلدستہ دروس خواتین - صفحہ 279
قرآن کریم کی بعض سورتوں اور آیات کے فضائل و برکات حمد و ثنا اور خطبہ مسنونہ کے بعد: {یٰٓاَیُّھَا النَّاسُ قَدْ جَآئَتْکُمْ مَّوْعِظَۃٌ مِّنْ رَّبِّکُمْ وَ شِفَآئٌ لِّمَا فِی الصُّدُوْرِ وَ ھُدًی وَّ رَحْمَۃٌ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ} [یونس: ۵۷] ’’لوگو! تمھارے پاس تمھارے مالک کی طرف سے نصیحت آئی اور دلوں میں جو (کفر اور شرک اور شک کی) بیماریاں ہیں ان کی دوا ہے اور ہدایت اور رحمت ہے ایمانداروں کے لیے۔‘‘ قرآنِ کریم مومنوں کے لیے سارے کا سارا ہی باعثِ رحمت اور برکت ہے لیکن اس میں سے بعض سورتوں اور آیات کے فضائل بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرمائے ہیں، جیسے { بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ} پڑھنے کی بہت فضیلت ہے۔ 1. بسم اللہ کی فضیلت: شریعت میں تمام اہم کاموں کے شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھنے کی تاکید کی گئی ہے، چنانچہ حکم دیا گیا ہے کہ کھانے، ذبح کرنے، وضو اور جماع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھو۔ تاہم قرآنِ کریم کی تلاوت کے وقت {بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ} سے پہلے ’’اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنْ الشَّیْطَانِ الرَّجِیمِ‘‘ پڑھنا بھی ضروری ہے۔ سورۃ النحل (آیت: ۹۸) میں فرمانِ الٰہی ہے: { فَاِذَا قَرَاْتَ الْقُرْاٰنَ فَاسْتَعِذْ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ} ’’جب تم قرآن کریم پڑھنے لگو تو شیطانِ رجیم سے اللہ کی پناہ مانگو۔‘‘