کتاب: غزنوی خاندان - صفحہ 92
مولانا سید عبدالاوّل غزنوی مولانا سید عبدالاوّل بن محمد بن عبداللہ غزنوی علمائے فحول میں سے تھے آپ نے دینی علوم کی تحصیل مدرسہ محمدیہ لکھوکے اور اس کے بعد مدرسہ غزنویہ امرتسر میں حاصل کی۔ آپ کے اساتذہ میں مولانا عبداللہ بن عبداللہ غزنوی،مولانا محمد بن عبداللہ غزنوی اور مولانا عبدالجبار غزنوی رحمہم اللہ اجمعین شامل ہیں۔حدیث کی تحصیل شیخ الکل مولانا سید محمد نذیر حسین محدث دہلوی سے کی فراغت تعلیم کے بعد مدرسہ غزنویہ امرتسر میں تدریس پر مامور ہوئے اور ساری زندگی حدیث کی تدریس میں بسر کر دی درس وتدریس کے ساتھ تصنیف و تالیف کا سلسلہ بھی جاری رکھا آپ کی تصانیف حسب ذیل ہیں ۔ 1۔نصرۃ الباری فی ترجمہ صحیح بخاری (6جلد) 2۔انعا م المنعم بترجمہ الصحیح مسلم 3۔الرحمۃ المہد اۃ الی من یرید ترجمۃ المشکوۃ(4جلد) 4۔ترجمہ ریاض الصالحین۔ 1313ھ میں امرتسر میں انتقال کیا۔ مولانا سید محمد داؤدغزنوی کی پہلی شادی آپ کی صاحبزادی سے ہوئی تھی عمر فاروق غزنوی اور پروفیسر سید ابوبکر غزنوی آپ کے نواسے تھے۔