کتاب: غزنوی خاندان - صفحہ 70
آپ ضلع جھنگ کے قصبہ والو آستانہ میں پیداہوئے ان کے والد بعد میں ضلع ملتان کے قصبہ مبارک آباد میں آکر آباد ہوئے ۔ 6سال کی عمر میں قرآن مجید سے تعلیم کا آغاز ہوا کچھ دنوں بعد مدرسہ محمدیہ لکھوکے ضلع فیروز پور میں داخل ہوئے اور مولانا حافظ محمد لکھوی سے حفظ قرآن مجید اور صرف و نحو کی کتابیں پڑھیں اس کے بعد سید عبداللہ غزنوی کی خدمت میں امرتسر حاضر ہوئے۔اور حضرت غزنوی سے حدیث کی کتاب بلوغ المرام اور ریاض الصالحین پڑھی اس کے بعد 15سال کی عمر شیخ الکل مولانا سید محمد نذیر حسین محدث دہلوی کی خدمت میں دہلی پہنچے اور ان کی خدمت میں 5سال رہ کر علوم اسلامیہ کی تکمیل کی 20سال کی عمر میں آپ فارغ التحصیل ہوگئے ۔ فارغ التحصیل ہونے کے بعد 1300ھ میں محلّہ کشن گنج دہلی کی مسجد میں تدریس شروع کی اور کچھ عرصہ اس مسجد میں تدریس فرماتے رہے اس کے بعد صدر بازاردہلی کی مسجد کلاں میں تدریس شروع کی اور 1325ھ تک اس مسجد میں تدریسی خدمات انجام دیں ۔ 1325ھ میں اپنا علیحدہ مدرسہ بنام دارالکتاب والسنۃ کے نام سے صدر بازار دہلی میں قائم کیا اور اس مدرسہ میں اپنے انتقال 1351ھ تک تدریس فرماتے رہے آپکی ساری زندگی صدر بازار دہلی میں بسر ہوئی اسلئے صدری کے نام سے مشہور ہوئے آپکے تلامذہ کی تعداد بہت زیادہ ہے چند مشہور تلامذہ یہ ہیں ۔ 1۔مولانا عبدالعزیز میمن راجکوٹی 2۔مولانا محمد بن یوسف سورتی 3۔مولانا محمد بن ابراہیم میمن جونا گڑھی 4۔ مولانا عبدالجلیل سامرودی 5۔مولانا عبدالستار صدری دہلوی(آپ کے صاحبزادے) 6۔مولانا عبدالجبار محدث کھنڈیلوی