کتاب: غزنوی خاندان - صفحہ 63
مولانا سید عبداللہ غزنوی کے خلاف اہل بدعت نے ہنگامہ آرائی کی اور آپکے خلاف شؤرش بپا کی اور آپ کو گرفتار کرادیا۔ تو مولانا محی الدین عبدالرحمان لکھوی وطن واپس آگئے اور دعوت تبلیغ میں مشغول ہوئے اور بڑے بڑے علماء آپکی خدمت میں اصلاح باطن کیلئے حاضر ہوتے مولانا محی الدین عبدالرحمان لکھوی بہت بڑے متبع سنت تھے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ انجام دیتے تمام عمر کسی کی غیبت نہیں کی صاحب کمالات بزرگ تھے آسیب زدہ مریض آپکے پاس حاضر ہوتے اور فوراً شفا یاب ہوجاتے تصنیف و تالیف میں آپکی تین کتابوں کے نام معلوم ہوسکے ہیں ۔ (1)ترجمہ اربعین نووی(پنجابی نظم ) (2)نماز مترجم (اردو) (3)حاشیہ مسلم الثبوت(عربی) مولانامحی الدین عبدالرحمان لکھوی نے 12 ذی قعدہ 1312ھ میں مدینہ منورہ میں وفات پائی ۔ مولانا حافظ عبدالمنان وزیر آبادی استاد پنجاب مولانا حافظ عبدالمنان محدث وزیر آبادی کا شمار ان جلیل القدر علمائے کرام میں ہوتا ہے جنہوں نے درس و تدریس کے ذریعہ خدمت اسلام میں نمایاں خدمات انجام دیں ۔آپ 1267ھ میں قصبہ قرولی تحصیل پنڈدادنخان ضلع جہلم میں پیدا ہوئے 9سال کی عمر میں نزول الماء کے عارضے سے آنکھوں کی بینائی جاتی رہی ۔ تعلیم کاآغاز حفظ قرآن مجید سے کیا آپ نے جن اساتذہ کرام سے مختلف علوم و فنون میں تعلیم حاصل کی ان کے نام یہ ہیں ۔ مولوی برہان الدین ہتاروی مولوی قل احمد چکوی مولوی محمد مظہرنانوتوی شیخ عبدالجبار ناگپوری