کتاب: غزنوی خاندان - صفحہ 31
مولانا سید عبداللہ غزنوی
نام و نسب اور خاندان
مولانا سید عبداللہ غزنوی کا نام’’محمد اعظم’’تھا مگر آپ نے اپنا نام’’عبداللہ’’رکھ لیا۔ شجرئہ نسب یہ ہے۔ عبداللہ بن محمد بن محمد شریف غزنوی۔
آپ فرماتے تھے۔
’’محمد کہ اعظم افضل از مخلوقات است ہماں رسول اللہ ہست تسمیہ بعبد اللہ خوب است‘‘۔
(اہل حدیث امرتسر 6۔ دسمبر 1918ء)۔
’’محمد کا اسم گرامی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہی زیبا ہے جو ساری کائنات سے زیادہ عظمت رکھنے والے اور تمام مخلوقات سے افضل ہیں میر انام عبداللہ بہتر ہے‘‘۔
افغان قوم کی ایک مشہور نسل’’ککے زئی ‘‘کے نام سے موسوم ہے اور’’ککے زئی‘‘نسل کے جد اعلیٰ میں عبدالرشید تھے۔کی اولاد میں تین شجرے ہیں ۔(1)عمر(2)عمر زئی (3)عمر خیل دری زئی۔مولانا عبداللہ غزنوی کی نسبت عمر زئی قبیلہ کی طرف ہے ۔
ولادت
آپ 1230ھ ؍1811ء میں افغانستان کے شہر غزنی کے موضع بہادر خیل میں پیدا ہوئے
ابتدائی تعلیم
مولانا سید عبداللہ غزنوی نے ابتدائی تعلیم کن اساتذہ کرام سے حاصل کی اس کی تفصیل سوانح نگاروں نے نہیں بتائی ۔مولانا سید ابوبکر غزنوی لکھتے ہیں کہ:
’’آپ بچپن میں غزنی کے علماء سے پڑھتے رہے علوم کی تعلیم آپ نے وہیں کی‘‘(داؤد غزنوی:220)