کتاب: فرصت کے لمحات کیسے گزاریں ؟ - صفحہ 8
مطمئن ہو ، اس پر اس کے شعور و جدان اور ضمیر کی آواز پوری طرح اس کا ساتھ دے رہے ہوں ، اس بامقصد ہدف کا شعور اور یقین انسان کی رگ رگ میں خون کی طرح سما چکا ہو۔ کیونکہ با مقصد، با معنی اور متعین ہدف کا وجود ہی کسی بھی انسان کو دیگر مخلوقات سے ممیز و ممتاز کرتا ہے۔ ورنہ انسان اور حیوان میں کوئی فرق باقی نہیں رہتا۔ اگر انسان کی زندگی میں مقصدیت آجائے تو وہ لازماً ایک مثالی زندگی کا حامل بن جائے گا۔ کیونکہ اس طرح وہ کامل ارتکازِ توجہ اور یک سوئی کے ساتھ چلتے چلتے اپنی منزل کو پا کر ہی دم لے گا۔
یہ کتاب جو اس وقت آپ کے ہاتھوں میں ہے؛اس کی تالیف کا بنیادی ہدف وقت کی قدر وقیمت کو خاص طور پر اسلامی نقطہ نظر سے اُجاگرکر کے ایک سچے اور راست باز مومن کو تضیع اوقات کے نقصان سے آگاہ کرنا ہے۔مصنف موصوف سیدشفیق الرحمن شاہ دراوی حفظہ اللہ نے نہایت عرق ریزی اور جان فشانی سے درد مندی کے احساس کے ساتھ اس کو تالیف کیا ہے۔ اس کتاب میں ایک عام انسان کے لیے بھی اور اُمت مسلمہ کے علمبردارو ں کے لیے بھی رہنمائی کا بیش قیمت لوازمہ مہیا کیا گیا ہے۔
دعاؤں کا طالب
دار المعرفہ