کتاب: فرصت کے لمحات کیسے گزاریں ؟ - صفحہ 15
۷/۶/۲۰۰۲ء مسجد الحرام
سالانہ چھٹیاں اور ہمارا طرزِ عمل
ازمحترم جناب عزت مآب /ڈاکٹر سعود الشریم حفظہ اللہ
حمد وثناء کے بعد!
آج کل (موسمِ گرما) کے طویل دنوں میں ہر طرح کے لوگ ایک اہم موضوع پر گفتگو کرتے نظر آتے ہیں اور ہر معاشرے میں ہر طبقے کے لوگ جو مختلف طبائع کے مالک ہوتے ہیں ان میں سے ہر کوئی مثبت یا منفی انداز سے ، تائید یا تردید کرتے ہوئے اسی موضوع پر باتوں کی جگالی کرتا نظر آتا ہے ، اور منبر و محراب ، کلبیں اور ذرائع ابلاغ ہر جگہ ایک عنوان پر گفتگو جاری ہے اوروہ عنوان ہے:
’’ تعطیلاتِ موسمِ گرما ‘‘ یا ’’سالانہ چھٹیاں ۔‘‘
اور یہ چھٹیاں ایک ایسی چیز ہیں کہ ان کے بغیر کوئی چارہ بھی نہیں ہے ۔ بلکہ تمام ملکوں میں یہ سالانہ چھٹیاں زندگی کا ایک حقیقی جز بن چکی ہیں ، جن سے تجاہل و غفلت برتنا ممکن ہی نہیں رہا ،بلکہ چھٹیوں نے اپنی اہمیت کو اس انداز سے منوا لیا ہے کہ زندگی کے تمام پروگراموں میں سالانہ چھٹی کا باقاعدہ حصہ موجود ہے ۔عموماً چھٹیوں کا سلسلہ عجیب بے مقصد سا ہی ہوتا ہے جس کے لیے زمان و مکان سے متعلقہ قواعد و ضوابط کی ضرورت ہے ، اسی طرح ان کے لیے شرعی قواعد و ضوابط کو بھی پیش ِ نظر رکھنا ضروری ہے تا کہ ان میں سے اچھے اور برے میں تمیز کی جا سکے ۔