کتاب: فتاویٰ ثنائیہ مدنیہ(جلد4) - صفحہ 401
طلاق دے دوں گا۔ رضیہ بیگم کے اور بھی دو بیٹے اور ایک بیٹی موجود تھی۔ اس کے بعد بھی رضیہ بیگم کو خدا نے ایک بیٹی اور ایک بیٹا عطا کیا۔زہرہ بیگم نے اس بچے کو بیس یا بائیس دن مسلسل اپنا دودھ پلایا۔ اس کے بعد وہ کبھی زہرہ بیگم کادودھ پیتا تھا اور کبھی نہیں۔ زیادہ تر بازاری دودھ ہی پیتا رہا۔ اس بچے جاوید اقبال سے پہلے بھی زہرہ بیگم کی ایک بیٹی تھی، جس کی عمر اُس وقت دس سال تھی۔ جاوید اقبال کے بعد بھی اللہ تعالیٰ نے زہرہ بیگم کو دو اور بیٹے عطا کیے۔ اب جاوید اقبال اپنے باقی بہن بھائیوں کی طرح اپنے حقیقی ماں باپ کو مامی اور ماموں کہہ کر بلاتا ہے۔ آج تک جاوید اقبال اور اس کے دو چھوٹے بھائیوں کو یہ معلوم نہیں ہے کہ جنھیں ہم ماموں اور مامی کہتے ہیں وہ جاوید اقبال کے حقیقی ماں باپ ہیں۔ باقی تمام خاندان کے لوگوں کو بچوں سمیت یہ معلوم ہے۔ اب اچانک پندرہ سال بعد ماموں اور مامی کہتے ہیں کہ جاوید اقبال ہمیں امی اور ابو کہہ کر پکارا کرے ورنہ گناہ کبیرہ کامرتکب ہو گا۔ یہ پہلا مطالبہ ہے۔ا س کے بعد متوقع مطالبہ شاید واپسی کا ہوگا۔ اس بات میں فریقین کو کوئی شک نہیں کہ بچے کی نسبت کس کے ساتھ ہے۔ اس سلسلے میں مندرجہ ذیل سوالات کا ترتیب وار جواب عنایت فرمادیں۔ س:۱۔ جاوید اقبال کا اپنی رضاعی ماں زہرہ بیگم اور ان کے شوہر وحید احمد کو امی اور ابو کہنا شریعت کی روشنی میں کیسا ہے ؟ جواب :دودھ پلانے سے عورت بچے کی رضاعی ماں بن جاتی ہے۔ قرآن مجید میں ہے: ﴿وَ اُمَّھٰتُکُمُ الّٰتِیْٓ اَرْضَعْنَکُمْ﴾ (النساء: ۲۳) ’’اور وہ مائیں جنھوں نے تم کو دودھ پلایا ہو۔‘‘ یعنی دائیاں کہ دودھ پلانے کے لحاظ سے وہ بھی تمہاری مائیں ہیں۔ اس طرح راجح مسلک کے مطابق اس کا شوہر رضاعی باپ بن جاتاہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ ’’افلح‘‘ جو ان کے رضاعی باپ ابوالقیس کا بھائی تھا، ان سے ملنے کے لیے آیا اور اندر آنے کی اجازت طلب کی۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاا نے فرمایا: مجھے ابوالقیس نے تو دودھ نہیں پلایا۔ مجھے تو اس کی بیوی نے دودھ پلایا ہے۔ لہٰذا میں جب تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مسئلہ دریافت نہ کرلوں، ان کو اندر آنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : وہ تیرا چچا ہے اسے اجازت دے دے۔‘‘ سنن ابی داؤد، بَابٌ فِی لَبَنِ الْفَحْلِ۔ تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو: عون المعبود:۲/۱۷۹۔ اس سے معلو ہوا کہ حکم ِ رضاعت شوہر کی طرف منتقل ہو جاتا ہے۔ س:۲۔ جاوید اقبال کا رضیہ بیگم اور اقبال احمد کو مامی اور ماموں کہنا شریعت کی خلاف ورزی تو نہیں؟