کتاب: فتاویٰ ثنائیہ مدنیہ(جلد3) - صفحہ 540
جواب۔ اصل بات یہ ہے کہ قرآن کی حرمت کاملہ عربی الفاظ کے ساتھ ہوتی ہے۔ اگر محض ترجمہ کی حفاظت کسی وقت نہ بھی ہوسکے تو معاف ہے۔ قرآنی آیات سے منقش زیورات کو ڈھالنا سوال۔ میرے دوست جیولری کا کام کرتے ہیں ان کے پاس اکثر ایسا زیور بکنے کے لیے آجاتا ہے ، جس پر اللہ، محمد کے نام ، آیت الکرسی یا دیگر قرآنی آیات لکھی ہوتی ہیں۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ ان زیورات کو ڈھالنا جائز ہے یا نہیں؟ نیز اگر ہم اس زیور کو ایک دفعہ ڈھال چکے ہوں تو اس کا کفارہ کیا ہو گا؟ (عبدالحمید ۔قصور) (27 جولائی 2001ء) جواب۔ جن زیورات پر قرآنی آیات مرقوم ہوں ان کو ڈھالنے میں کوئی حرج نہیں۔ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کے عہد میں قرآن مجید کے نسخوں کا ضیاع جلانے کی صورت میں کیا گیا تھا۔[1] یاد رہے کہ اس عمل کے مرتکب پر کوئی کفارہ نہیں۔ کاغذ کا وہ پرزہ جس پر اللہ تعالیٰ یا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا نام مبارک لکھا ہو ، تلف کرنے کا طریقہ؟ سوال۔ کافی لوگوں سے سنا ہے کہ اگر اخبارات کتابوں یا رسالوں میں کسی جگہ بھی اللہ کا یا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا نام آجائے تو اسے دیوار میں دبا دینا چاہیے یا پانی میں بہا دینا چاہیے یا جلا دینا چاہیے۔ کافی لوگوں سے سنا ہے کہ جلا دینے سے اللہ کا نام اڑ جاتا ہے کیا ضائع کرنے کے مذکورہ طریقے درست ہیں؟ (سائل ) (14 جولائی 2000ء) جواب۔ کاغذ کا پرزہ جس پر اللہ عزوجل کا اسم ہو یا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اسم گرامی ہو، اس کے ضیاع کی مذکورہ شکلوں سے کوئی بھی اختیار کی جا سکتی ہے، تاہم مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اسے دفن کردیا جائے یا پانی میں بہادیا جائے۔ اسم مبارک کے اڑنے کا مسئلہ بے بنیاد ہے ، اس کی کوئی دلیل نہیں۔ قرآنی آیات لکھ کر دیواروں پر لٹکانے کا کیا حکم ہے سوال۔ مسلمان گھروں میں’’اللہ‘‘، ’’محمد‘‘ بڑا سا لکھ کر لگایا ہوتا ہے۔ اس کا کیا حکم ہے؟ حصولِ برکت کے لیے قرآنی آیات لکھ کر دیواروں پر لگانے کا کیا حکم ہے یعنی اگر یہ کام دیواروں کو سجانے کے لیے نہ کیا گیا ہو؟ (ہدایت الٰہی۔لاہور) (27ستمبر 2002ء) جواب۔ معزز اور مکرم چیزوں کی عزت دل میں ہونی چاہیے، دیواروں پر ان کو لکھ کر لگانا حدیث و سنت سے ثابت نہیں۔
[1] ۔ شرح النووی علی مسلم،4/111، المرعاۃ: 1/591۔592 [2] ۔ بحوالہ الاتقان،ص:80۔ دار قطنی : 21۔ صحیح ابن خزیمۃ : 493۔ [3] ۔ صحیح مسلم،بَابُ حُجَّۃِ مَنْ قَالَ: الْبَسْمَلَۃُ آیَۃٌ مِنْ أَوَّلِ کُلِّ سُورَۃٍ سِوَی بَرَاء َۃٍ،رقم:400