کتاب: فتاویٰ ثنائیہ مدنیہ(جلد3) - صفحہ 410
جواب۔ خصی جانور ذبح کرنا درست ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو خصی کردہ دنبوں کی قربانی کی۔[1] اور حضرت جابر رضی اللہ عنہ کی روایت کے الفاظ یوں ہیں: ( ذَبَحَ النَّبِیُّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَ سَلَّمَ یَوْمَ الذَّبْحِ کَبْشَیْنِ اَقْرَنَیْنِ اَمْلَحَیْنِ مَوْجُوْئَیْنِ) [2] ”یعنی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے عید قربان کے دن دو دنبے ذبح کیے، جو سینگ دار ابلق اور خصّی تھے۔‘‘ ظاہر ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خصی جانوروں کو ذبح کرنا خصی کرنے کے جواز کی دلیل ہے۔ علامہ عظیم آبادی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں، جانوروں کی خصی اگر ناجائز ہوتی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس پر سکوت نہ فرماتے۔ بلکہ مرتبہ ٔ رسالت کے پیش نظر ممنوع چیز کے ارتکاب پر ناراضگی کا اظہار کرتے اور عادت شریفہ کے مطابق فرماتے کہ لوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ اس طرح کے کام کرتے ہیں؟ اس فعل پرحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی خاموشی اس کے جواز کی دلیل ہے۔ یہ مسئلہ اصولِ حدیث کی کتابوں میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ (فتاویٰ، ص:323) کچھ لوگوں کا نظریہ اس کے برخلاف بھی پایا جاتا ہے لیکن راجح مذہب وہی ہے جس کی وضاحت ہوچکی۔ جانبین کے دلائل پر احاطہ کے لیے ملاحظہ ہو ،رسالہ ’’القول المحقق‘‘ مؤلفہ علامہ شمس الحق عظیم آبادی اور فتاویٰ،ص:316تا 325 یہ رسالہ بازبان فارسی اعلام اھل العصر(مطبوعہ دہلی:1305ھ ) کے ساتھ چھپاتھا۔ خصی جانور کی قربانی کا حکم اور ممانعت والی روایات و آثار کی وضاحت سوال۔ کیا خصی جانور کی قربانی درست ہے ؟ (سائل) (7 فروری 2003ء) جواب۔ خصی جانور کی قربانی کرنا درست ہے۔ ابو رافع کی روایت میں ہے کہ: ”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو سفید سیاہی مائل خصی کیے ہوئے دنبوں کی قربانی دی۔‘‘ یہ روایت ’’مسند احمد‘‘ میں ہے۔ علامہ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے ’’ارواء الغلیل‘‘(4/360) میں اس پر صحت کا حکم لگایا ہے۔ ’’الموسوعۃ الحدیثیۃ لامام احمد بن حنبل‘‘ میں ابوہریرہ رضی اللہ عنہ یا عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ: (أَنَّ رَسُولَ اللّٰهِ صَلَّی اللّٰهُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ ضَحَّی بِکَبْشَیْنِ سَمِینَیْنِ عَظِیمَیْنِ أَمْلَحَیْنِ أَقْرَنَیْنِ مَوْجُوْ أَیْنِ) [3] ”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو سفید سیاہی مائل،موٹے تازے، سینگوں والے دنبوں کو قربان کیا۔‘‘ پھر اس پر صحیح لغیرہ کا حکم لگایا ہے۔ ملاحظہ ہو:(41/497)