کتاب: فتاویٰ ثنائیہ مدنیہ(جلد3) - صفحہ 232
جواب۔ رؤیت ہلال میں مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی سے اختلاف کرکے علیحدہ کمیٹی تشکیل نہیں دینی چاہیے۔ کیونکہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: ( اَلْفِطْرُ یَوْمَ یُفْطِرُ النَّاسُ وَالْاَضْحٰی یَوْمَ یُضَحِی النَّاسُ )[1] ”جس روز لوگ روزے پورے کرکے آخری افطار کرتے ہیں اس دن عید ہے اور عید الاضحیٰ اس روز ہے جس دن لوگ قربانیاں کرتے ہیں۔‘‘ اس بناء پر علیحدہ کمیٹی کے وجود کو کالعدم قرار دینا چاہیے۔ جرمنی میں روزہ کیسے رکھا جائے؟ سوال۔جرمنی کے دورہ پر جانے کااتفاق ہوا۔ شام کو نماز پڑھی۔ یعنی مغرب کی نماز رات گئے انتظار کرتے رہے مگر شام کی لالی ختم نہ ہوئی بلکہ صبح کی پو پھوٹ گئی۔ ایسی صورت میں عشاء کا وقت نہ ملا۔ نمازِ عشاء کیسے پڑھی جائے؟ یا ساقط ہو جائے گی اور اگر روزہ ہو تو کیسے رکھا جائے؟ جواب۔ ایسی صورت میں نماز روزہ کا حساب عام معمول کے مطابق ہو گا۔ نماز روزہ ساقط نہیں ہوں گے۔ اس امر کی واضح دلیل ’’صحیح مسلم‘‘ میں قصہ دجال میں ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کا ایک دن سال کی طرح ہو گا۔ تو صحابہ کرام رضی اللہ عنھم نے عرض کی: کیا ہمیں اس میں ایک دن کی نماز کافی ہو گی؟فرمایا نہیں: (أُقْدُرُوْا لَہٗ قَدْرًا)[2]’’بلکہ اندازہ کرنا۔‘‘ یعنی گھنٹوں کے حساب سے۔ کیا رمضان میں نیک عمل کا ثواب اور برے عمل کا گناہ ستر درجے بڑھ جاتا ہے؟ سوال۔ رمضان المبارک میں نیک عمل کا ثواب ستر درجے بڑھ جاتا ہے۔ کیا اسی طرح گناہ میں بھی اضافہ ہوتا ہے؟ اگر ہوتا ہے تو کیا یہ اس کی شانِ کریمی کے خلاف نہیں؟ اور رمضان کی برکات پر حرف نہیں آئے گا۔ مدلل تحریر فرمایا جائے۔ (ایک سائل) (7فروری 1997ء) جواب۔ رمضان میں نیکی کا اجر و ثواب ستر گناہ بڑھنے والی روایت سنداً اگرچہ ضعیف ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ رمضان میں نیکی بلا حساب تک جا پہنچی ہے۔ قرآنِ مجید میں ہے: ( اِِنَّمَا یُوَفَّی الصّٰبِرُوْنَ اَجْرَہُمْ بِغَیْرِ حِسَابٍ) (الزمر: 1) اہلِ تاویل و تفسیر نے صابرون کی تشریح روزہ داروں سے کی ہے۔ اور صحیح حدیث میں ہے:
[1] ۔ صحیح مسلم،بَابُ وُجُوبِ صَوْمِ رَمَضَانَ لِرُؤْیَۃِ الْہِلَالِ، وَالْفِطْرِ لِرُؤْیَۃِ الْہِلَالِ…الخ،رقم:1081 [2] ۔ صحیح البخاری،بَابُ قَوْلِ النَّبِیِّ صلي اللّٰه عليه وسلم إِذَا رَأَیْتُمُ الہِلاَلَ …الخ،رقم: 1909صحیح مسلم،رقم:1081