کتاب: فتاویٰ ثنائیہ مدنیہ(جلد3) - صفحہ 169
( اَلسَّلَامُ عَلٰی اَھْلِ الدِّیَارِ مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَالْمُسْلِمِیْنَ وَ یَرْحَمُ اللّٰہ ُ الْمُسْتَقْدِمِیْنَ مِنَّا وَالْمُسْتَأْخِرِیْنَ وَ اِنَّا اِنْ شَائَ اللّٰہُ بِکُمْ لَلَاحِقُوْنَ) [1] مزید اس موضوع پر مؤلفہ کتابوں کی طرف رجوع کرنا چاہیے کچھ دعاؤں کا ذکر’’صحیح مسلم‘‘میں ہے۔ قبروں سے پیچھے ہٹ کر قبلہ رُخ ہو کر دعا کرنی چاہیے۔ جانوروں سے حفاظت کے لیے قبر کے گرد لکڑی کا جنگلا لگانے کا حکم؟ سوال۔ قبر کی حرمت کو جانوروں سے پامال ہونے سے بچانے کے لیے ہمارے ہاں لکڑی کا جنگلا قبروں کے چاروں اطراف لگایا جاتا ہے۔ کیا یہ کام درست ہے ؟ (سائل) (13 جون 2003) جواب۔ قبر کی حفاظت کی خاطر جنگلا نہیں لگانا چاہیے، یہ فعل سنت سے ثابت نہیں۔ تاہم جانوروں پر کنٹرول کرنے کی مقدوربھر کوشش کرنی چاہیے، جس سے قبر کی حفاظت ہو جائے۔ نئی قبر پر درندوں کے خوف کی وجہ سے لالٹین جلانا سوال۔نئی قبر پر درندوں کے خوف کی وجہ سے لالٹین جلانا یا ویسے آگ جلانا کہ روشنی کی وجہ سے قبر کو درندے نقصان نہ پہنچائیں، جائز ہے؟(محمد یعقوب منڈڑیاں) ( 9 فروری 1996) جواب۔ قبر پر چراغ یا آگ جلانا منع ہے۔ قبر کی حفاظت کے لیے خار دار لکڑیاں رکھی جا سکتی ہیں یا کوئی اور مباح قسم کا انتظام کر لینا چاہیے یا پھر لالٹین یا آگ کو قبر سے ہٹ کر دور رکھ دیا جائے تو بظاہر کوئی حرج نہیں۔ (إِنَّمَا الأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ) [2] قبر میت پر گر جائے تو اسے دوبارہ درست کرنا؟ سوال۔ میرے والد صاحب تقریباً ڈیڑھ دو ماہ پہلے فوت ہوئے تھے۔ ان کی قبر اندر کی طرف گر گئی تھی۔ اور پکی سلیں میت کے اوپر گئی تھیں۔ ہم نے اسی طرح قبرصحیح حالت میں کردی ۔ یہ تقریباً پندرہ روز پہلے کی بات ہے۔ آپ سے سوال یہ ہے کہ کیا قبر کو دوبارہ کھود کر ان کے اوپر سے وزن اٹھا کر پھر دوبارہ قبر بنادی جائے یا ایسے ہی رہنے دیا جائے؟ دوسری بات یہ ہے کہ کیا مٹی ڈالنے سے پہلے قبر پر سلیں یا پھٹے ڈالنا ضروری ہیں یا اسی طرح میت پر مٹی ڈال دی جائے؟ جواب۔ آپ کے والد صاحب مرحوم کی قبر جس حالت میں ہے ۔ اسی میں رہنے دیں۔ تجدید کی ضرورت نہیں۔ معاملہ