کتاب: فتاویٰ ثنائیہ مدنیہ(جلد2) - صفحہ 79
آراستہ ہو کر منظر عام پر آگیا ہے۔ مولانا عبدالرحمن مبارکپوری صاحب ِ ’’تحفۃ الاحوذی‘‘ کا مجموعۂ فتاویٰ بھی الحمد للہ ایک عرصہ دراز کے بعد تحقیق و تخریج کے ساتھ شائع ہو گیا ہے۔ اور عنقریب ’’فتاویٰ غزنویہ‘‘ بھی ان شاء اللہ منظر عام پر آنے والا ہے جس میں حضرت الامام مولانا عبدالجبار غزنوی اور ان کے دو صاحبزادگان گرامی قدر مولانا سید محمد داؤد غزنوی اور مولانا عبدالواحد غزنوی رحمہما اللہ کے فتاوے ہوں گے پہلے فتاویٰ غزنویہ ایک مختصر سی جلد میں شائع ہوئے تھے جس میں صرف مولانا عبدالجبار غزنوی کے فتاوے تھے،اب وہ بالکل نایاب ہے ۔ اب یہ ایڈیشن تین غزنوی اکابر کے فتوؤں کا مجموعہ ہوگا۔ اسی طرح’’مقالات و فتاویٰ مولانا شمس الحق ڈیانوی‘‘ بھی یکجا شائع ہو ئے ہیں۔ فللّٰہ الحمد۔ اور یہ مآثر سلف کے پروانے اور ان کے احیاء کے لیے دیوانے شیخ خالد المطیری اور شیخ عارف جاوید محمدی الکویت اور ان کے معاون خصوصی حافظ شاہد محمود (گوجرانوالہ) اور ان کے رفقائے کار کی مساعیٔ حسنہ کا نتیجہ ہے۔ تقبل اللّٰہ جھودھم۔ اسی طرح شیخ الحدیث حافظ عبدالمنان نوری پوری رحمہ اللہ (متوفی۳ربیع الثانی۱۴۳۳ھ بمطابق ۲۶فروری۲۰۱۲ء) ہیں، ان کے فتاوی’’احکام و مسائل‘‘ کے عنوان سے ان کی زندگی میں دو ضخیم جلدوں میں شائع ہو ئے تھے، مزید دو جلدوں کا مواد جمع و ترتیب کے مراحل میں تھا جو ناشر کی سستی یا عدم توجہی کی وجہ سے تاحال شائع نہیں ہو سکے۔ حالانکہ وہ بھی ان کی زندگی ہی میں شائع ہو سکتے تھے۔ بہرحال مَا شَائَ اللّٰہَ کَانَ وَ مَا لَمْ یَشَائْ لَمْ یَکُنْ یہ فتاوے بھی بڑی اہمیت کے حامل، حافظ صاحب رحمہ اللہ کے علوم قرآن وحدیث کے گہرے مطالعے اور استحضار کے مظہر اور مجتہدانہ بصیرت کے غماز ہیں۔ ناشر اور مرتب کو اللہ تعالیٰ توفیق دے کہ وہ اس علمی سرمایے کو جلد از جلد منظر عام پر لا سکیں، یا ان کی اشاعت کسی اور ادارے کے سپرد کردیں۔ مولانا حافظ عبدالستار الحماد شیخ الحدیث ، شارح صحیح بخاری(اردو) حفظہ اللہ ان کے فتاوے سالہا سال سے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ترجمان ہفت روزہ اہل حدیث لاہور میں شائع ہوتے آرہے ہیں۔ یہ فتاوے بھی اور صاحب فتویٰ بھی ان تمام مذکورہ خوبیوں اور اعلیٰ علمی صلاحیتوں کے حامل ہیں جو مذکورہ علمائے اہل حدیث کا امتیاز رہے ہیں۔ ان کے مطبوعہ فتاوے’’فتاویٰ اصحاب الحدیث‘‘ کے نام سے چار جلدوں میں مکتبہ اسلامیہ لاہور کے زیر اہتمام شائع ہو چکے ہیں۔ امید ہے کہ مزید پر بھی کام جاری ہوگا۔ شیخ الحدیث مفتی عبید اللہ عفیف حفظہ اللہ بھی موجودہ مفتیانِ کرام میں ایک ممتاز حیثیت کے حامل ہیں، ان کے فتاوے بھی تحقیقی اور مفصل ہوتے ہیں۔ ان کے فتاوے کا ایک مجموعہ’’فتاویٰ محمدی‘‘ کے نام سے کئی سال