کتاب: فتنہ وضع حدیث اور موضوع احادیث کی پہچان - صفحہ 5
ان کوششوں کااجمالی سا جائزہ بھی ان سلف صالحین کی بے پناہ جدو جہد کا پتہ دے سکتا ہے۔ حدیث کے ناپید اکنار زخیرہ کو چھان پھٹک کر یہ طے کرنا کہ کونسی روایت واقعی حدیثِ رسول ہے اور اس کا انتساب رسالتِ مآب علیہ الصلوٰۃ والسلام کی طرف درست ہے اور کونسی روایت وضع اور جعل کا نتیجہ ہے اور ختم الرسل صلی اللہ علیہ وسلم پر بہتان، کوئی معمولی درجہ کا کام نہیں۔ یہ رتبہ ٔ بلند ملا جس کو مل گیا۔
عربی زبان میں کتنی ہی کتابیں ایسی ہیں جنہوں نے حدیثِ رسول کو جعلی و وضعی روایتوں سے ممیز کرنے کے نہ صرف اصول بتائے ہیں بلکہ عملاً ان اصول کوزخیرہ روایت پر منطبق کر کے جعلی اور وضعی روایات کی نشاندہی کر کے ان کے مجموعے بھی تیار کر دئیے ہیں تاکہ ہر شخص ان کا علم حاصل کر سکے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ہماری اردو زبان اب تک اس فن اور اس کے جواہر پاروں سے تہی دامن تھی۔ الحمدللہ کہ ہماری مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کے ناظم سنی دینیات مولانا مسعود عالم صاحب کو اللہ نے توفیق بخشی اور انہوں نے اس کمی کو پورا کرنے کی طرف توجہ دی۔ آپ کی کتاب ’’فتنہ ٔ وضع حدیث اور موضوع احادیث کی پہچان‘‘ اردو زبان میں میرے علم، اطلاع کی حد تک اس سلسلہ کی اوّلین کوشش ہے۔ زیرِ نظر مواد اس کتاب کا دوسرا ایڈیشن ہے۔ مولانا مسعود عالم صاحب نے کوشش کی ہے کہ کسی روایت کو جعلی اور وضعی قرار دینے کے اصولوں کو پیش کرنے کے ساتھ ان وضعی روایات کاایک قابلِ لحاظ مجموعہ بھی قارئین کے سامنے آجائے۔ آپ نے اس فن کے ائمہ کی کوششوں سے استفادہ کیا ہے۔ چنانچہ توقع ہے کہ آپ کی اس کتاب سے بہت سی غلط فہمیاں دُور ہو جائیںگی۔ میں نے یہ کتاب بالاستیحاب پڑھی ہے واقعہ یہ ہے کہ اس طرح کی کتاب کی ضرورت ان لوگوں کو بہت زیادہ ہے جو براہِ راست عربی زبان سے استفادہ نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے کتنی ہی جعلی اور گھڑی ہوئی روایات کو رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان سمجھ بیٹھنے کی غلط فہمی میں مبتلا رہتے ہیں۔ اس کتاب سے بہت سا گرد و غ بار چھٹ جانے کی توقع ہے۔ اس دوسرے ایڈیشن میں متعدد اصلاحات کی گئی ہیں اور امید ہے کہ نقشِ ثانی اوّل سے بہتر ہو گا اگرچہ زیرِ نظر ایڈیشن کو بھی مزید بہتر بنانے کی گنجائش سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح وضعی اور جعلی روایات کا ایک مکمل اور مستند مجموعہ بھی اُردو زبان میں وجود میں آجائے تاکہ لوگ وضعی روایات کو نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام سے منسوب کرنے سے علیٰ وجہ البصیرت پرہیز کر سکیں وما ذالک علی اللہ بعزیز ۔
پروفیسر فضل الرحمن
سابق ڈین فیکلٹی دینیات ، مسلم یونیورسٹی علی گڑھ
واستاذ التفسیر والحدیث بجامعۃ الامام محمد بن سعود الاسلامیہ بالریاض