کتاب: فتنۂ غامدیت، ایک تحقیقی وتنقیدی جائزہ - صفحہ 84
صرف زانیہ پر کر رہے ہیں، یعنی آپ نے اس میں زانیہ کی سزا بیان کی ہے۔ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو کوئی حدیث اپنی طرف سے گھڑ کر آپ کی طرف منسوب کرنے پر جہنم کی شدید وعید بیان فرمائی ہے۔ غامدی صاحب کا جرم تو اس سے بھی شدید تر ہے کہ آپ کی حدیث بیان کر کے اپنا من گھڑت نظریہ آپ کے ذمے لگا رہے ہیں، جس کا اس حدیث میں کوئی اشارہ تک نہیں ہے ع چہ دلاور است دزدے کہ بکف چراغ دارد یا قدرے تصرف کے ساتھ ؎ وہ بات ان کو بہت خوشگوار لگتی ہے حدیث میں جس بات کا کوئی ذکر نہیں موصوف حدیثِ مذکور بیان کر کے کتنی بے باکی سے کہتے ہیں: ’’آپ کا منشا یہ تھا کہ یہ عورتیں چونکہ محض زنا ہی کی مجرم نہیں ہیں، بلکہ آوارہ منشی اور جنسی بے راہ روی کو اپنا معمول بنا لینے کی وجہ سے فساد فی الارض کی مجرم بھی ہیں ۔۔۔۔‘‘ سوال یہ ہے کہ نبیِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ منشا آپ کو کس طرح معلوم ہوا؟ حدیث میں تو اس کا کوئی قرینہ اور اشارہ نہیں ہے۔ کیا آپ کو وحی کے ذریعے سے بتلایا گیا ہے؟ دوسرا سوال یہ ہے کہ اوباشی، آوارہ منشی، غنڈہ گردی یا جنسی بے راہ روی کی کوئی الگ سزا کا اسلام میں کوئی تصور ہے؟ اسلامی لٹریچر میں حدود و تعزیرات پر جو کتابیں تحریر کی گئی ہیں یا احادیث کی کتابوں میں حدود کے ابواب ہیں یا مفسرین نے آیاتِ حدود کی جو تفسیریں کی ہیں، کیا کہیں بھی اوباشی اور آوارہ منشی کی کوئی سزا کسی نے بیان کی ہے؟