کتاب: فتنۂ غامدیت، ایک تحقیقی وتنقیدی جائزہ - صفحہ 169
بنیاد پر بھی زنا کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ دعویٰ بھی، جو اگرچہ بڑے تحدّی کے انداز میں کیا گیا ہے، قرآن و حدیث کی واضح نصوص کے خلاف ہے، جیسا کہ آیت: {وَ الّٰتِیْ یَاْتِیْنَ الْفَاحِشَۃَ} [النساء: ۱۵] میں چار گواہوں کو ضروری قرار دیا گیا ہے اور پھر اس کی تاکید سورت نور کی آیت: {وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ} [النور: ۴] میں کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں آیتِ نور: {وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ اَزْوَاجَھُمْ} کی شانِ نزول سے متعلقہ صحیح روایات میں بھی چار گواہوں کی تعیین کی گئی ہے۔ قرآن و حدیث کی ان واضح نصوص سے امت کے تمام مفسرین، علما اور فقہا و محدثین نے یہی سمجھا ہے کہ ثبوتِ حدِ زنا کے لیے (اگر مجرم کا اپنا اقرار و اعتراف نہ ہو) تو چار گواہ ضروری ہیں۔ اس نصابِ شہادت کے انکار کا صاف مطلب یہ ہے کہ امت کے تمام فقہا و محدثین (نعوذ باللّٰه ثم نعوذ باللّٰه ) قرآن و حدیث کے فہم سے یکسر عاری تھے کہ ایک ایسی چیز کو انھوں نے لازمی اور ضروری سمجھا، جس کا قرآن و حدیث میں سرے سے ذکر ہی نہیں ہے۔ {وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ} کی دور از کار تاویل: 4 یہ موقف چونکہ قرآنِ کریم کی نصِّ صریح: {وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ الْمُحْصَنٰتِ} سے ٹکراتا ہے، اس لیے اس آیت کی یہ دور از کار تاویل کی گئی کہ اس سے مراد وہ لوگ ہیں، جو بیٹھے بٹھائے یوں ہی (بغیر واقعے کے) کسی پاک دامن پر زنا کی تہمت لگا دیتے ہیں۔ یعنی صدورِ زنا کے بغیر جو لوگ کسی پر یوں ہی تہمت لگا دیتے ہیں، اس کے لیے چار گواہ ضروری ہیں، لیکن اگر فی الواقع زنا کا صدور ہو چکا ہو تو اس کے ثبوت کے لیے چار گواہ ضروری نہیں ہیں۔ بغیر گواہوں کے بھی اس کا اثبات کیا جا سکتا ہے، یا ایک گواہ