کتاب: فتنۂ غامدیت، ایک تحقیقی وتنقیدی جائزہ - صفحہ 13
غامدیت جوپیرہن اس کاہے، وہ مذہب کاکفن ہے پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد دین قاسمی حضرت مولانا حافظ صلاح الدین یوسف مدظلہ العالی کی کتاب ’’فتنۂ غامدیت‘‘ کا مسودہ، ان کی خصوصی شفقت اور محبت کے باعث،جب ان کی طرف سے مجھے میسر آیا، تو میں نے نہایت توجہ، دلچسپی اور انہماک سے (سرسری طور پر نہیں، بلکہ) بالاستیعاب اس کا مطالعہ کیا ہے۔ میں جوں جوں پڑھتا رہا، دل سے اس تصنیف ِلطیف پر،ان کے لیے دعائے خیر کرتا رہا۔ اگرچہ کچھ اورلوگوں نے بھی ’’فتنۂ غامدیت‘‘ (جو فتنہ پرویزیت ہی کا چربہ ہے) کی تردیدمیں قلم اُٹھایا ہے، اور انھوں نے بہت اچھی نگارشات پیش کی ہیں۔ لیکن میں محسوس کرتا ہوںکہ پیرایۂ بیان اور جودتِ استدلال کے اعتبار سے، موصوف نے جس طرح اِبطالِ باطل اور اِحقاقِ حق کیا ہے، وہ ان ہی کی خصوصیت ہے۔ انھوںنے اپنی اس تصنیف میں علمبردارانِ غامدیت کے غبارئہ استدلال سے ساری ہوا نکال دی ہے۔ اسلوبِ نگارش کے پہلوسے دیکھا جائے، تو کتاب میں مناسب الفاظ کا چنائو، عبارت کی دلکشی، اشعار کا برجستہ اور برمحل استعمال، سادہ مگر محکم اندازِ بیان، قاری کو متاثر کیے بغیر نہیں رہتا۔