کتاب: فتنۂ غامدیت، ایک تحقیقی وتنقیدی جائزہ - صفحہ 122
بعض احکام کو شریعت قرار دے اور جس کو چاہے شریعت ماننے سے انکار کر دے اور دعویٰ کرے کہ یہ تو بیانِ فطرت ہے۔ یہ حق حمید الدین فراہی یا مولانا اصلاحی یا غامدی کو کس نے دیا ہے کہ وہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی ان احادیث کو جو تبیینِ قرآنی پر مبنی ہیں، ان کو قرآن میں اضافہ یا قرآن میں ردّ و بدل قرار دے یا ان کی بابت یہ کہے کہ یہ شریعت کا بیان نہیں، فطرت کا بیان ہے؟ شریعت کو اپنے خیال کے مطابق دو حصوں میں تقسیم کرنا کہ یہ شریعت ہے اور یہ فطرت ہے، یہ بھی تو انسانی عقل ہی کی کارفرمائی ہے۔ اگر آج یہ حق فراہی عقل کو دے دیا گیا اور اُن کی عقل کے مطابق کچھ احکام کی شرعی حیثیت کو ختم کر دیا گیا تو دوسرے منکرینِ حدیث کا بھی یہ حق تسلیم کر لیا جانا چاہیے، جس کی رُو سے وہ کہتے ہیں کہ زکات و صلاۃ اور بہت سے مسلّماتِ اسلامیہ کا وہ مفہوم نہیں ہے، جو چودہ سو سال سے اُمتِ مسلمہ سمجھتی اور عمل کرتی آرہی ہے۔ دین تو پھر ان عقلی بازیگروں کی وجہ سے، جس کی بنیاد انکارِ حدیث پر ہے، بازیچۂ اطفال بن کر رہ جائے گا۔ اس لیے امتِ مسلمہ نے یہ حق آج سے صدیوں قبل معتزلہ، جہمیہ، قدریہ وغیرہ منکرینِ حدیث اور عقل و دانش کے دعوے داروں کو نہیں دیا، جس کی وجہ سے اصل دین الحمد ﷲ محفوظ ہے، تو یہ حق آج کے منکرینِ حدیث اور نظمِ قرآن کے نام پر فہمِ قرآن کے ٹھیکیداروں کو بھی نہیں دیا جا سکتا۔ مذکورہ فرقے جیسے کچھ عرصہ اپنی عقلی شعبدہ بازیاں دکھا کر تاریخ کی بھول بھلیوں میں گم ہوگئے، اس گروہِ جدید کا انجام بھی اس سے مختلف نہیں ہو گا اور ان کی فکری ترکتازیوں اور احادیث پر چاند ماری سے دین، جو قرآن اور حدیث دونوں کے مجموعے کا نام ہے، محفوظ رہے گا، اس لیے کہ اس کی حفاظت ہما شما کے ذمے