کتاب: فقہی احکام و مسائل(جلد2) - صفحہ 214
(4)۔الاقرب فالاقرب،یعنی جب دو یا زیادہ عصبات جمع ہوجائیں تو جو جہت کے اعتبار سے مقدم ہوگا وہ وارث ہوگا،مثلاً:بیٹا بحیثیت عصبہ باپ سے مقدم ہوگا۔اگر جہت میں دونوں مقدم ہوں تو قریب تر مقدم ہوگا،مثلاً:بیٹا اور دوسرے بیٹے کا بیٹا(پوتا) جمع ہوں تو بیٹا پوتے سے مقدم ہوگا کیونکہ وہ میت کے قریب تر ہے۔سگا بھائی اور دوسرے بھائی کا بیٹا(بھتیجا) اکھٹے ہوں تو سگا بھائی مقدم ہوگا۔
اگر جہت اور قرابت میں برابر ہوں تو قوی تررشتہ رکھنے والے کو ترجیح ہوگی،مثلاً:سگا بھائی علاتی بھائی سے مقدم ہوگا کیونکہ سگے بھائی کی میت سے قرابت علاتی بھائی سے دوگنا ہے۔
(5)۔اس قاعدے کا تعلق حجب حرمان سے ہے اور وہ یہ ہے کہ اصول اصول ہی کی وجہ سے محجوب ہوتے ہیں،مثلاً:دادا میت کے باپ کی وجہ سے محجوب ہوجاتا ہے ،دادی اورنانی میت کی ماں کی موجودگی میں محجوب ہوتی ہیں۔اسی طرح قریب کا دادا بعید کے دادے کو اور قریب کی دادی بعید کی دادی کومحروم کردیتی ہے۔
اسی طرح فروع فروع ہی کی وجہ سے محجوب ہوتے ہیں،مثلاً:پوتا میت کے بیٹے کی موجودگی میں اور پرپوتا پوتے کی موجودگی میں محروم ہوتا ہے۔حواشی:بھائی،بھتیجے،چچے اور ان کے بیٹے میت کے اصول،فروع اور حواشی کی وجہ سے محجوب ہوجاتے ہیں،مثلاً:چچا میت کے باپ،بیٹے یابھائی کی موجودگی میں محجوب(محروم) ہوجاتا ہے۔اور علاتی بھائی بیٹے،پوتے اور باپ کی موجودگی میں محجوب ہوجاتاہے۔اور صحیح قول کے مطابق دادے کی وجہ سے بھی محروم ہوجاتا ہے۔اسی طرح سگے بھائی اور بہن،جب وہ عصبہ مع الغیر ہو،کی موجودگی میں بھی محروم ہوگا۔خلاصہ کلام یہ کہ علاتی بھائی اصول ،فروع اور حواشی کے سبب محروم ہوجاتاہے۔
(5)۔آخر میں ہم پھر ایک بار تلقین وتاکید کریں گے کہ علم میراث میں حجب کاباب نہایت اہمیت کاحامل ہے۔میراث کے مسائل میں فتویٰ دینے والے شخص پر لازم ہے کہ وہ اس باب کے قواعد وضوابط کو اچھی طرح ذہن نشین کرے اس کی باریکیوں کو سمجھے تاکہ فتویٰ میں غلطی کا امکان نہ رہے اور میراث کے شرعی مسائل کاحلیہ اور حقیقت بدل نہ جائے جس کانتیجہ یہ نکلے کہ مستحق محروم ہوجائے اور محروم وارث بن جائے۔
دادا کے ساتھ بھائیوں کی وارث بنانے کے احکام
اگر میت کے دادے کے ساتھ ایک یا زیادہ بھائی بہن موجود ہوں تو مشہور ائمہ کرام،یعنی امام مالک ،امام شافعی اور امام احمد رحمۃ اللہ علیہم نے انھیں وارث قراردینے کے بارے میں سیدنا زید بن ثابت رضی اللہ عنہ کامسلک اختیار کیا ہے۔ان